٭ سدی پیٹ کے بغیر کے سی آر نہیں کے سی آر کے بغیر تلنگانہ نہیں
٭ ہریش راؤ نے میری لاج رکھ لی: چیف منسٹر کا خطاب
٭ 165 کروڑ صرفہ سے 75 کیلو میٹر رنگ روڈ کی تعمیر
٭ 100 کروڑ روپے صرفہ سے رنگا نائک ساگر کے سیاحت کو ترقی
٭ سدی پیٹ کیلئے آج سنہرا دن : ہریش راو
سدی پیٹ میں انٹرنیشنل ائرپورٹ قائم کرنے بھی چیف منسٹر کا اعلان
حیدرآباد : چیف منسٹر چندر شیکھر راو نے سدی پیٹ کو انقلابی سرزمین قرار دیتے ہوئے اس کی ترقی کیلئے وعدوں کی بارش کردی۔ حیدرآباد کے بعد دوسرا انٹرنیشنل ایرپورٹ سدی پیٹ میں قائم کرنے 165 کروڑ روپے صرفہ سے رنگ روڈ قائم کرنے 100 کروڑ روپے ‘ سے رنگیا ساگر کو ترقی دینے سدی پیٹ تا ایلنتا کنٹہ تک 25 کیلو میٹر تک 4 لائن شاہراہ تعمیر کرنے شہری سدی پیٹ میں مزید 1000 ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کرنے تری ٹاؤن پولیس اسٹیشن قائم کرنے، بستی دواخانہ قائم کرنے 25 کروڑ کے مصارف سے سدی پیٹ کومٹی چیرو کو ترقی دینے، 50 کروڑ روپے کے مصارف سے آڈیٹوریم تعمیر کرنے 25 کروڑ روپے کے مصارف سے انٹیگریٹیڈ ویج اینڈ نان ویج مارکٹ قائم کرنے کا اعلان کیا۔ چیف منسٹر آج صبح سے کافی مصروف تھے۔ 45 کروڑ روپے کے مصارف سے تعمیر آئی ٹی ٹاور کا دودیڈا کے پاس سنگ بنیاد رکھا۔ سدی پیٹ میں تعمیر کردہ تلنگانہ بھون کا افتتاح کیا۔ ریتو ویدکا کا افتتاح کیا۔ سدی پیٹ میڈیکل کالج کا آغاز کیا ۔نرساپور میں تعمیر کردہ 2460 ڈبل بیڈ روم کا افتتاح کیا۔ رنگا نائیک ساگر گیسٹ ہاؤز کا افتتاح کیا۔ سدی پیٹ انڈر گراؤنڈ ڈرینج سسٹم کا افتتاح کیا۔ بعدازاں سدی پیٹ گورنمنٹ ڈگری کالج گراؤنڈ پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر فینانس ہریش راؤ کی ستائش کی اور کہاکہ ہریش راؤ نے ان کی لاج رکھ لی۔ کے سی آر نے کہاکہ سدی پیٹ انقلابی سرزمین ہے۔ یہیں سے تحریک شروع کی اور علیحدہ تلنگانہ حاصل کیا۔ جب وہ چیف منسٹر کا عہدہ سنبھال رہے تھے انھیں سدی پیٹ کی فکر تھی۔ میں نے مکمل بھروسہ کے ساتھ سدی پیٹ ہریش راؤ کے حوالے کیا اور ذمہ داری بخوبی نبھاتے ہوئے سدی پیٹ کو ریاست میں مثالی حلقہ میں تبدیل کردینے کا سہرا ہریش راؤ کے سر جاتا ہے۔ ٹی آر ایس کے دوسرے ارکان اسمبلی کو ہریش راؤ سے سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ سدی پیٹ کی ترقی سے وہ بہت خوش ہیں ۔ ہریش راؤ سدی پیٹ کو ترقی دینے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کرتے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ سدی پیٹ کے بغیر وہ کچھ نہیں ہیں اور ان کے بغیر تلنگانہ نہیں ہے۔ رنگا نائیک ساگر میں پانی کے درمیان 65 ایکر اراضی ہے جس کو سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے 100 کروڑ روپئے منظور کیا۔ ملنا ساگر پراجکٹ کا اہتمام کرکے کئی گاؤں کو پانی دینے کا اعلان کیا۔ سدی پیٹ کے اطراف 75 کیلو میٹر ڈبل لائن رنگ روڈ تعمیر کرنے اور اس پر 165 کروڑ روپے خرچ کرنے کا اعلان کیا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ سدی پیٹ واحد حلقہ ہے جہاں عوامی فنڈس کا بہتر استعمال ہوا ہے جس کیلئے کے سی آر نے مقامی قائدین کو سلوٹ کیا۔ سدی پیٹ کے قائدین میں اتحاد ہے جس کے نتیجہ میں ترقی آنکھوں کو نظر آرہی ہے۔ ہر کام تیزی سے پائے تکمیل کو پہونچ رہا ہے۔ یہ سب ٹیم ورک سے ہی ممکن ہوپارہا ہے۔ ہریش راؤ نے سدی پیٹ کی ترقی کیلئے چیف منسٹر کی جانب سے اعلانات کرنے کا خیرمقدم کیا اور کہاکہ آج سدی پیٹ کے لئے سنہرا دن ہے۔ چیف منسٹر نے تقریباً ایک ہزار کروڑ روپے کے ترقیاتی کاموں کا افتتاح کرنے کے علاوہ سنگ بنیاد بھی رکھا ہے۔ انھوں نے ترقیاتی کاموں میں تعاون کرنے پر چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا۔
کے سی آر نے اذان سن کر تقریر روک دی
حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو اکثر اپنی تقاریر میں یہ واضح کرتے ہیں کہ وہ تمام مذاہب کا یکساں احترام کرتے ہیں اور ان کے اس دعوی کی سچائی آج گورنمنٹ ڈگری کالج گراونڈ سدی پیٹ میں دیکھنے میں آئی ۔ چیف منسٹر یہاں تقریر کر رہے تھے کہ انہوں نے اذان کی آواز سنی ۔ ایک عہدیدار سے اذان کی توثیق کرنے کے بعد کے سی آر نے تقریر روک دی ۔ اذان کے بعد تقریر مکمل کی ۔