سدی پیٹ ڈیم میں شہر کے 5 نوجوان غرق

   

2 کو بچالیا گیا ، تفریح کے دوران سیلفی کے شوق نے جان لے لی
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ کے سدی پیٹ ضلع میں المناک واقعہ پیش آیا جہاں تفریح منانے گئے 5 نوجوان ڈیم میں غرقاب ہوگئے ۔ جب کہ دو کو بچالیا گیا ۔ یہ واقعہ سدی پیٹ ضلع میں واقع کنڈیوچماں ڈیم میں پیش آیا ۔ متوفی نوجوانوں کا تعلق مشیر آباد حیدرآباد سے بتایا گیا ہے ۔ جو چھٹیوں کے موقع پر تفریح کے لیے گئے تھے ۔ اور ڈیم میں ان کی زندگیاں ختم ہوگئیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ تیراکی سے مسرور ہورہے ان نوجوانوں نے سلیفی لینے کی کوشش کی اس دوران دو نوجوان ڈیم کے پانی میں گر پڑے اور انہیں بچانے کی خاطر دیگر ساتھیوں نے کوشش کی اور وہ بھی پانی میں کود پڑے لیکن ساتھیوں کو بچانے کے دوران وہ بھی غرق ہوگئے ۔ ایک کے بعد ایک پانچ ساتھی ڈیم میں دیکھتے ہی دیکھتے غرق ہوگئے ۔ اس دوران کی گئی کوششیں کے سبب دو نوجوانوں کو بحفاظت پانی سے نکال لیا گیا ۔ اس واقعہ کے بعد ڈیم اور سدی پیٹ کے ضلع کے علاوہ شہر حیدرآباد میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی اور مشیر آباد کے علاقہ میں غم کی لہر دوڑ گئی ۔ متوفی نوجوانوں کی شناخت دھنش ، لوہیت ، دنیشور ، ساحل اور جتن کی حیثیت سے کرلی گئی ۔ بچنے والے نوجوانوں کی شناخت مرونگ اور محمد ابراہیم کی حیثیت سے کرلی گئی ۔ غوطہ خوروں اور دیگر ٹیموں کی مدد سے نعشوں کو نکالا گیا ۔ اس واقعہ نے جہاں افسوس کی لہر دوڑا دی وہیں چیف منسٹر تلنگانہ نے بھی سدی پیٹ واقعہ پر اپنے گہرے رنج و ملال کا اظہار کیا ۔ ضلع سدی پیٹ کے مارکک منڈل کے کنڈاپوچماں ڈیم میں نوجوانوں کے ڈونے کے واقعہ پر چیف منسٹر نے افسوس کا اظہار کیا اور غوطہ خوروں اور خصوصی ٹیموں کے ذریعہ تلاش کرنے کی اور ضلع انتظامیہ کو اپنی نگرانی میں راحت کاری اقدامات کی ہدایت دی ۔۔ ع