ٹی ہریش راؤ کی دوبارہ کابینہ میں شمولیت پر حامیوں کا اظہار مسرت، زبردست آتشبازی
سدی پیٹ۔/8ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن اسمبلی سدی پیٹ ٹی ہریش راؤ کو دوبارہ کابینہ میں وزارت کا عہدہ ملنے پر ان کے حامیوں کی جانب سے سدی پیٹ میں زبردست آتشبازی کی گئی اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ ٹی ہریش راؤ سدی پیٹ سے پانچ مرتبہ رکن اسمبلی کی حیثیت سے کامیابی حاصل کرچکے ہیں۔ ٹی آر ایس جب دوبارہ اقتدار میں آئی تو ہریش راؤ کو وزارت نہ ملنے پر ان کے حامیوں میں ہی نہیں بلکہ سدی پیٹ کے عوام میں کافی مایوسی دیکھی جارہی تھی۔ ٹی ہریش راؤ ایک تجربہ کار نمائندہ ہی نہیں بلکہ جب وہ پہلی مرتبہ سدی پیٹ کے رکن اسمبلی کی حیثیت سے کامیابی حاصل کئے تو کانگریس اور ٹی آر ایس مفاہمت کے بعد ہریش راؤ کو راج شیکھر ریڈی دور حکومت میں انہیں اسپورٹس منسٹر کا عہدہ دیا گیا تھااور جب ٹی آر ایس حکومت پہلی مرتبہ اقتدار میں آئی تو ہریش راؤ کو وزیر بھاری آبپاشی بناکر انہیں کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر کی اہم ذمہ داری دی گئی ۔ کالیشورم پراجکٹ ایشیا کا عظیم شاہکار پراجکٹ مانا جارہا ہے اس کی تعمیر میں ہریش راؤ نے رات دن ایک کردیا تھا۔ ٹی ہریش راؤ اقلیت دوست بھی مانے جاتے ہیں۔ دو اقلیتی ریسیڈنشیل اسکول سدی پیٹ ضلع میں قائم کئے گئے۔ ان کی جانب سے ہر سال 5 غریب مسلمانوں کو عمرہ روانگی کے اخراجات برداشت کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے سدی پیٹ میں ایک شاندار حج ہاوز تعمیر کروایا جو حیدرآباد شہر کے بعد اضلاع میں پہلا حج ہاوز ہے۔ ہریش راؤ سدی پیٹ کو صنعتی علاقہ بنانے کے خواہشمند ہیں تاکہ یہاں کے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار مل سکے۔ انہوں نے سدی پیٹ ضلع کے ہر منڈل میں کسانوں کیلئے اناج ذخیرہ کرنے کیلئے گودام تعمیر کروائے وہیں رعیتو بازار بھی تعمیر کروایا جس کی مثال ریاست میں ہی نہیں بلکہ ملک بھر میں اول ہے۔ ہریش راؤ کو دوبارہ وزارت ملنے پر ان کے حامیوں میں اور خاص کر سدی پیٹ کے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور ترقی کی نئی امید کی کرنیں جاگ اٹھیں۔