سدی پیٹ کے دینی اداروں کیلئے تعاون کی اپیل

   

سدی پیٹ : ماہ رمضان المبارک کے موقع پر شہر سدی پیٹ کے دینی ادارے جات کی جانب سے تعاون کی اپیل کی گئی۔ تنظیم المساجد سدی پیٹ اہل سنت الجماعت کے ذمہ داروں نے عامتہ المسلمین سے مخلصانہ اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنظیم سدی پیٹ کے مساجد کے آئمہ اور موذنین کا ہدیہ ادا کرتی ہے، نادار لڑکیوں کی شادی بیاہ کیلئے امداد، بیوگان کے وظائف، مساجد میں صباحی تعلیم کا انتظام، نادار ، غریب اموات پر تجہیز و تکفین کا انتظام، قبرستانوں کی نگہداشت تنظیم کرتی ہے۔ ذمہ داروں نے کہا کہ اصحاب خیر حضرات تنظیم المساجد کی مالی امداد ، چندہ و عطیات ادا کرکے خدمت خلق میں معاون و مددگار ہوسکتے ہیں۔ مفتی مرزا آصف بیگ مصباحی پرنسپل مرکز اہل سنت دارلعلوم انوار مصطفیٰ بارہ امام سدی پیٹ نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دارلعلوم انوار مصطفیٰ سرزمین سدی پیٹ میں سنیت کا مرکز ہے جہاں طلباء و طالبات زیور تعلیم سے آراستگی کے ساتھ ساتھ کسی نہ کسی ہنر سے فیضیاب ہوتے ہیں پرنسپل مدرسہ نے عوام الناس سے اپیل کی ہیکہ صاحب قرآن اور ماہ نزول قرآن کے طفیل مدرسہ کے اخراجات میں حصہ دار بنیں اور طلباء و طالبات کے کفیل بنتے ہوئے کمسن بچوں کے دلوں میں قرآن اتارنے کا زریعہ بنیں۔ مفتی عبد السلام قاسمی ناظم مدرسہ مدینتہ العلوم ساجد پورہ سدی پیٹ نے اصحاب خیر سے اپیل کی ہیکہ مدرسہ میں طلبا و طالبات زیر تعلیم ہیں اور سالانہ کئی طلباء حفظ قرآن مجید کی تکمیل کرتے ہیں علاوہ اسکے اسکولی طلباء کو روزانہ دینی تعلیم کا نظم مدرسہ ہذا کے زریعہ انجام پاتا ہے۔ ناظم مدرسہ مفتی عبد السلام قاسمی نے کہا کہ عامتہ المسلمین اپنی زکوۃ چندہ عطیات فطرہ صدقات سے مدرسہ کے مالیہ کو مستحکم کریں اور ثواب جاریہ کے مستحق بنیں۔ مفتی مسعود عالم قاسمی ناظم مدرسہ عربیہ تجوید القرآن نے کہا کہ مدرسہ عربیہ تجوید القرآن ایک دینی اقامتی مساء مدرسہ ہے جہاں طلباء کو بغیر کسی فیس کے مفت قیام و طعام علاج و معالجہ کا انتظام کیا جاتا ہے۔ کتابیں اور سالانہ دو جوڑے کپڑے طلباء کو عیدین کے مواقع پر دی جاتی ہیں۔ لہذا اس ماہ مقدس کے موقع پر آپ حضرات اپنی زکوۃ چندہ عطیات فطرات سے مدرسہ کا بھرپور تعاون کریں۔ مدرسہ قرآن و سنہ ساجد پورہ ناظم مدرسہ اسمعیل قاسمی صاحب نے مسلمانوں سے اپیل کی ہیکہ وجوہ اپنی زکوۃ چندہ عطیات فطرہ صدقات خیرات دیتے ہوئے مدرسہ کی مالی امداد کا حصہ بنیں۔