سدی پیٹ کے عوام میرے لئے افراد خاندان : ہریش راؤ

   

سرکاری ہاسٹل میں طلبہ کے ساتھ سال نو تقاریب میں حصہ لیا، تلنگانہ تحریک کے تجربات بیان کئے
حیدرآباد ۔ یکم جنوری (سیاست نیوز) سابق وزیر اور رکن اسمبلی ہریش راؤ نے سدی پیٹ کے سرکاری ہاسٹل کے طلبہ کے ساتھ نئے سال کی تقریب منائی ۔ انہوں نے اس موقع پر کیک کاٹا اور طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے تابناک مستقبل کے لئے تعلیم پر توجہ دینے کا مشورہ دیا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کامیابی کیلئے اپنی منزل مقصود پر نظر ہونی چاہئے اور کامیابی کے نشانہ کی تکمیل پر توجہ رہے۔ طلبہ کے درمیان نئے سال کی تقاریب منانے میں خوشی محسوس ہورہی ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ میں بھی آپ لوگوں میں سے ایک ہوں اور آپ کے فرد خاندان کی طرح آیا ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ 14 برسوں سے اسی ہاسٹل میں نئے سال کی تقاریب میں حصہ لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہاسٹل میں بہتر سہولتوں کی فراہم کیلئے بتدریج اقدامات کئے گئے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ سدی پیٹ اسمبلی حلقہ کے عوام ان کے ارکان خاندان کی طرح ہیں اور انہوں نے جو پیار و محبت دی ہے، وہ تاحیات فراہم نہیں کرپائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو چاہئے کہ وہ اپنے سابق طلبہ کی کامیابیوں سے نیا حوصلہ حاصل کریں اور اپنے مقررہ میدان میں ترقی کی جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ سدی پیٹ میں ایس سی ، ایس ٹی اور بی سی اسٹڈی سرکل قائم کیا جائے گا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ وہ اپنی ایک ماہ کی تنخواہ طلبہ کو دیں گے تاکہ وہ اپنی ضرورت کے مطابق کمپیوٹرس خرید سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ملک کی وہ واحد ریاست ہے جہاں ہاسٹلس میں باریک چاول سربراہ کیا جارہا ہے ۔ بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کے خواہاں طلبہ کو حکومت کی جانب سے 40 لاکھ روپئے تک گرانٹ فراہم کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر تعلیم پر توجہ دیں تو نتائج بھی بہتر برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی تعلیم اور ترقی ایسی ہو جس پر والدین اور تلنگانہ عوام کو فخر ہو۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران کے سی آر نے اپنی جان کو جوکھم میں ڈال دیا تھا جس کے نتیجہ میں علحدہ ریاست حاصل ہوئی۔ انہوں نے تلنگانہ تحریک کے دوران اپنے تجربات کا ذکر کیا اور کہا کہ اسی جدوجہد کا نتیجہ ہے کہ عوام نے انہیں ایک لاکھ سے زائد ووٹ کی اکثریت سے کامیابی دلائی ہے۔ انہوں نے 2019 ء میں ریاست اور عوام کی خوشحالی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔