سدی پیٹ کے مختلف منڈلوں میں جاری ترقیاتی کاموںکاجائزہ

   

صفائی ملازمین میں وردیوںکی تقسیم ۔برقی لائنوں کواحتیاط سے ہٹانے کی ہدایت :کلکٹر

سدی پیٹ، 05 نومبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حسن آباد میونسپل کونسل دفتر میں حسن آباد حلقہ اسمبلی کے حسن آباد، کوہیڈا اور اکّناپیٹ منڈلوں میں جاری مختلف ترقیاتی کاموں کا جائزہ ضلع کلکٹر کے. ہیماوتی نے متعلقہ منڈل عہدیداروں کے ساتھ کیا۔ اس موقع پر آر ڈی او رام مورتی اور ڈی آر ڈی او جے دیو آریہ بھی موجود تھے۔اس سے قبل کلکٹر نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ میونسپل صفائی ملازمین میں نئی وردیاں تقسیم کیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلع کلکٹر نے کہاکہ محکمہ آر اینڈ بی کی جانب سے حسناباد سے کوتا پلی تک چار لائن سڑک کے تعمیراتی کاموں میں 90 فیصد درختوں کی کٹائی مکمل ہو چکی ہے، جبکہ برقی لائنوں کو احتیاط سے ہٹانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ کوہیڈا سے سمدرالہ تک بی ٹی روڈ کے کام 15 دنوں میں مکمل کرنے کا حکم دیا۔ حسناباد تا رامورم روڈ، اکّناپیٹ تا کوتا کونڈا روڈ اور دیگر عمارتوں کی تعمیرات جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت آر اینڈ بی عہدیداروں کو دی گئی۔پنچایت راج انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے تحت ایم جی نریگا اسکیم کے ذریعے گرام پنچایت عمارتوں کی تعمیر جاری ہے — حسناباد منڈل کے کوچن پلی، مڈتا، اکّناپیٹ منڈل کے گولاپلی، گوروویلی، چوٹاپلی، گبّالی، کتکور، ریگونڈا، سری رام تانڈا، پنّتولو تانڈا، کندن وانی پلی، رامورم، مَلچرْو تانڈا اور کوہیڈا منڈل کے دھرمارم، ورِکول، نکیرکو مولا، پریوید، نرائن پور دیہاتوں میں کام جاری ہے — جنہیں دسمبر کے آخر تک مکمل کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے بتایا کہ گاندھی نگر، پوٹل پلی، بالو نائک تانڈا، محمداپور، میرزاپور، بنجرو پلی، چوٹاکونٹ تانڈا، پڈ تانڈا، دْبّا تانڈا اور وانی پلی میں زمین کی قلت ہے، لہٰذا جہاں زمین دستیاب نہیں وہاں پرانی گرام پنچایت عمارت کے متبادل مقام کی نشاندہی کر کے انجینئرز اور گرام پنچایت عہدیدار جائزہ لیں۔آنگن واڑی عمارتوں اور کمپاؤنڈ وال کے کام جنوری تک مکمل کرنے کی ہدایت دی۔SDF کے تحت جاری کاموں، PHC اور سب سینٹر عمارتوں کی تعمیرات اور ان کے مینر و میجر مرمتی کاموں کو جنگی پیمانے پر مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے۔میونسپل حدود میں جنکشن ڈیولپمنٹ، ایلّماچرو روڈ کی تعمیر، سڑکوں کی خوبصورتی اور دیگر ترقیاتی کاموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت دی۔برقی محکمہ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ زیر تعمیر سب اسٹیشن کے کام مکمل کر کے، مکمل ہونے والے اسٹیشنز کو افتتاح کے لیے تیار رکھا جائے۔مِشن بھاگیرتھا کے تحت پینے کے پانی کی اسکیموں کے کام تیزی سے مکمل کیے جائیں، تاکہ عوام کو بروقت پانی کی سہولت میسر ہو۔آخر میں، ضلع کلکٹر نے کہا کہ چونکہ دھان کی کٹائی مکمل ہونے کو ہے، لہٰذا یہی بہترین وقت ہے کہ آئل پام کی کاشت میں تیزی لائی جائے۔ انہوں نے زراعت اور باغبانی کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ کسانوں سے ملاقات کر کے انہیں آئل پام کی کاشت کے لیے ترغیب دیں۔