سراج اور جڈیجہ درجہ بندی میں بہترین مقام پرپہنچ گئے

   

دبئی، 8 اکتوبر (آئی اے این ایس) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ نے احمد آباد میں ویسٹ انڈیز کے خلاف آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپیئن شپ سیریز کے پہلے میچ میں شاندار کارکردگی دکھائی، جس کے بعد وہ آئی سی سی ٹسٹ بیٹنگ درجہ بندی میں کیریئر کی بلند ترین مقام 25ویں مقام پر پہنچ گئے۔36 سالہ جڈیجہ جنہوں نے ہندوستان کی واحد اننگز میں ناقابل شکست 104 رنز بنائے، انہوں نے پہلے جولائی 2025 میں حاصل کی گئی29 ویں مقام کو پیچھے چھوڑ دیا۔ اب ان کے پاس 644 ریٹنگ پوائنٹس ہیں جو ان کی ذاتی بہترین کارکردگی ہے۔ جڈیجہ کی دوسری اننگز میں چار وکٹیں لینے سے آل راؤنڈرز کی فہرست میں ان کا موقف مزید مضبوط ہوا، اور وہ بنگلہ دیش کے مہدی حسن پر125 پوائنٹس کی برتری حاصل کر چکے ہیں۔ فاسٹ بولر محمد سراج نے انگلینڈ کے دورے کی شاندار کارکردگی کو آگے بڑھایا، چار وکٹیں 40 رنز میں اور تین وکٹیں31 رنز میں درج کی ۔ ان اعداد و شمارکی بدولت وہ تین درجات کی ترقی کرتے ہوئیکیریئر کی بلند ترین 12ویں مقام پر پہنچ گئے اور پہلی بار700 پوائنٹس سے زائد حاصل کیے۔ ٹیم کی کارکردگی سے دیگر کھلاڑیوں کو بھی فائدہ ہوا، جن میں کے ایل راہول اور دھروو جیوریل شامل ہیں، جنہوں نے اپنی سنچریوں کے بعد بیٹنگ رینکنگ میں ترقی کی۔ راہول چار مقامات کی ترقی کے بعد 35ویں، جبکہ جیوریل 20مقامات کی ترقی کے بعد 65ویںمقام پر پہنچ گئے۔