سراج اور جڈیجہ نے تباہی مچائی، انڈیا نے ویسٹ انڈیز کو اننگز سے ہرایا

,

   

ہندوستان کے جوابی 448/5d کے بعد ویسٹ انڈیز 146 آل آؤٹ ۔ سراج کو مجموعی طور پر 7 وکٹ ۔ آل راؤنڈر جڈیجہ کو میچ ایوارڈ

احمد آباد، 4 اکتوبر (یواین آئی) رویندر جڈیجہ (104ناٹ آؤٹ اور چار وکٹ) اور محمد سراج (چار اور تین، جملہ 7 وکٹ ) نے ہفتہ کو ہندوستان کو ایک اننگز اور 140 رنز سے فتح دلائی جبکہ میزبانوں نے پہلے ٹسٹ کے تیسرے دن ویسٹ انڈیز کو 146 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ ہندوستان نے گزشتہ روز کے اپنے اسکور 448/5 پر اننگز ڈکلیئر کر دی اور پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز پر 286 رنز کی برتری حاصل کی۔ آج ہندوستان کو پہلی کامیابی حیدرآبادی اسٹار سراج نے آٹھویں اوور میں تیج نارائن چندر پال (8) کو آؤٹ کرتے ہوئے دلائی۔ اس کے بعد جڈیجہ نے 11 ویں اوور میں جان کیمبل (14) کو آؤٹ کیا۔ جڈیجہ نے برینڈن کنگ (5) اور وکٹ کیپر شائی ہوپ (1) کو بھی آؤٹ کیا۔ واشنگٹن سندر نے ہندوستان کو ایک اہم پیش رفت کا موقع فراہم کیا جب انھوں نے ایلک ایتھنیز (38) کو اپنی ہی گیند پر اس وقت کیچ کرایا جب وہ وکٹ پر ڈٹ جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ سراج نے جسٹن گریوز (25) اور جومل واریکن (0) کو آؤٹ کیا۔ 42 ویں اوور میں جڈیجہ نے جوہن لین (14) کو آؤٹ کر کے ویسٹ انڈیز کی نویں وکٹ گرائی۔ کلدیپ یادو نے 46 ویں اوور کی پہلی گیند پر جیڈن سیلز (22) کو آؤٹ کرکے ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز 146 پر ختم کر دی۔ اس طرح ہندوستان نے پہلا ٹسٹ ایک اننگز اور 140 رنز سے جیت کر دو میچ کی سیریز میں 1-0 کی ناقابل عبور سبقت حاصل کرلی۔ رویندر جڈیجہ نے 12 اوورز میں 40 رن دے کر چار وکٹیں حاصل کئے۔ محمد سراج نے 11 اوورز میں 31 رنز دے کر تین وکٹیں لئے۔ کلدیپ یادو نے دو وکٹیں حاصل کئے، جبکہ واشنگٹن سندر نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ ٹسٹ کے پہلے روز سراج (4/40) اور جسپریت بومرا (3/42) کی قیادت میں ہندوستانی گیند بازوں نے ویسٹ انڈیز کو پہلی اننگز میں 162 پر ڈھیر کردیا تھا۔ جڈیجہ کو آل راؤنڈ پرفارمنس پر ’پلیئر آف دی میچ‘ ایوارڈ دیا گیا۔ آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے تحت ہندوستان کو مکمل 12 پوائنٹس حاصل ہوئے۔ درجہ بندی کے جدول میں آسٹریلیا کامیابی کے بہتر تناسب (100) کے ساتھ فرسٹ، سری لنکا (66.67) سکنڈ اور انڈیا (55.56) تھرڈ پوزیشن پر ہے۔