نئی دہلی : چیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیم انڈیا کیلئے سب سے بڑا تجسس جسپریت بمراہ کے نام پر تھا جو اب ختم ہوگیا ہے۔ ٹیم کے حتمی اعلان کے ساتھ ہی یہ بھی واضح ہوگیا کہ بمراہ چمپئنز ٹرافی نہیں کھیل رہے ہیں۔ تاہم بمراہ کے اخراج کے بعد ہندوستانی سلیکٹرز نے جو فیصلہ کیا وہ حیران کن ہے۔ محمد سراج کو منتخب کرنے کے بجائے انہوں نے بمراہ کی جگہ ہرشیت راناکو ٹیم میں منتخب کیا۔ سوال یہ ہے کہ کیا یہ انتخاب درست ہے؟ وہ بھی اس وقت جب محمد سمیع ابھی صحت یاب ہوکر واپس آئے ہیں اور اپنی فام دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ہرشیت رانا کے ساتھ بھی بڑا مسئلہ ہے۔سراج کا انتخاب نہ کرنا حیران کن فیصلہ ہے کیونکہ وہ ہرشیت رانا سے زیادہ تجربہ کار ہیں۔ انہیں چمپئنز ٹرافی میں کھیلنے والی تقریباً تمام ٹیموں کے خلاف ونڈے کھیلنے کا تجربہ ہے۔ یہاں تک کہ سراج کو پاکستان کے خلاف 3 ونڈے کھیلنے کا تجربہ ہے۔ سراج نے اب تک کھیلے گئے44 ونڈے میچوں میں71 وکٹیں حاصل کی ہیں۔اب اگر ہم ہرشیت رانا کے اعدادوشمار پر نظر ڈالیں تو ان کا ڈیبیو انگلینڈ کے خلاف رواں ونڈے سیریز میں ہوا ۔انہیں کسی دوسری ٹیم کے خلاف کھیلنے کا تجربہ نہیں ہے۔ ہندوستان سے باہر ونڈے کھیلنے کا تجربہ نہیں ہے۔ پاکستان کے میچ کا دباؤ سنبھالنے کا کوئی تجربہ نہیں۔ تاہم اگر سراج کومنتخب کیا جاتا تو 44 ونڈے میچوں کے تجربے اور2 ونڈے میچوں کے تجربے میں فرق ہوجاتا ۔ خدشہ ہے کہ یہ فرق چمپئنز ٹرافی میں مہنگا ثابت ہو سکتا ہے۔