سراج کو برسبین میں بھی فقرے بازیوں کا سامنا

   


برسبین: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد سراج کو آج یہاں برسبین میں کھیلے گئے چوتھے ٹسٹ کے پہلے دن بھی آسٹریلیائی شائقین نے نشانہ بنایا اور ان کے خلاف فقرے بازی کی۔ چند دن قبل سڈنی میں منعقدہ تیسرے ٹسٹ کے تیسرے اور چوتھے دن بھی میدان میں موجود مقامی شائقین نے محمد سراج کو نسل پرستی کا نشانہ بنایا تھا جس کی انہوں نے حکام سے شکایت کی تھی لیکن اس کے باوجود چوتھے ٹسٹ کے پہلے دن ہی سراج کو شائقین نے نشانہ بنایا۔ آسٹریلیائی اخبار سڈنی مارننگ ہیرالڈ کی رپورٹ کے بموجب گبا میں کرکٹ شائقین نے محمد سراج کو نشانہ بنایا جبکہ ان کے ساتھی بولر واشنگٹن کو بھی شائقین نے نشانہ بنایا۔ رپورٹ کے بموجب سڈنی میں جس طرح سراج کو نشانہ بنایا گیا تھا اسی انداز میں پھر ایک مرتبہ یہاں بھی سراج کے خلاف فقرے بازی کی گئی۔ اخبار نے یہ بھی لکھا ہیکہ اس مرتبہ سمجھا جاسکتا ہیکہ یہ ایک اتفاق نہیں تھا بلکہ سڈنی کرکٹ گراونڈ میں جو کچھ ہوا تھا اسی کا سلسلہ یہاں بھی برقرار رکھا گیا۔ یاد رہے سڈنی ٹسٹ کے دوران جب سراج کو نسل پرستی کا نشانہ بنایا گیا تھا تو انہوں نے حکام سے شکایت کی تھی جس پر 10 منٹ کا کھیل روک کر شائقین میں موجود ان شرپسندوں کو میدان سے باہر کردیا گیا تھا جنہوں نے ہندوستانی فاسٹ بولر کے خلاف فقرے بازی کی تھی جس کے بعد بی سی سی آئی نے میچ ریفری سے اس کی شکایت کی تھی۔