حیدرآباد : ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد سراج نہ صرف اپنی میدان میں شاندار کارکردگی کے باعث خبروں میں ہیں بلکہ ان کی ذاتی زندگی بھی خبروں کی زینت بنی ہوئی ہے۔ کچھ عرصے سے انٹرنیٹ پر یہ افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ سراج ٹی وی اداکارہ مہیرہ شرما کے ساتھ دام الفت میںگرفتا ہیں۔ سوشل میڈیا پر مداحوں نے مختلف ویڈیوز، ایڈٹس اور قیاس آرائیاں شیئرکیں، تاہم دونوں نے اس حوالے سے کوئی ردعمل نہیں دیا تھا لیکن اب مہیرہ نے خاموشی توڑ دی ہے۔ فلمی گیان کو دیے گئے ایک انٹرویو میں جب مہیرہ شرما سے سراج کے ساتھ تعلقات کی افواہوں پر مداحوں کے خیالات کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے حیرانی سے جواب دیا، کسی کا کچھ نہیں ہے، میں کسی کو ڈیٹ نہیں کر رہی ہوں۔جب ان سے پوچھا گیا کہ ایک عوامی شخصیت کے طور پر وہ ان افواہوں کو کیسے لیتی ہیں، تو مہیرہ نے کہا، مداح آپ کو کسی کے ساتھ بھی جوڑ سکتے ہیں، ہم انہیں روک نہیں سکتے۔ جب میں کام کرتی ہوں تو میرا نام میرے ساتھی اداکاروں کے ساتھ بھی جوڑ دیا جاتا ہے۔ وہ ایڈٹس بناتے ہیں اور ایسی باتیں کرتے ہیں، لیکن میں ان سب چیزوں کو زیادہ اہمیت نہیں دیتی۔ اگر آپ کو پسند ہے تو کریں، لیکن حقیقت میں ایسا کچھ نہیں ہے۔گزشتہ ماہ ای ٹائمز نے رپورٹ کیا تھا کہ مہیرہ اور سراج ایک خفیہ تعلق میں ہیں اور گزشتہ کئی مہینوں سے ایک دوسرے کو جان رہے ہیں۔ ان افواہوں کو اس وقت مزید تقویت ملی جب سراج نے مہیرہ کی انسٹاگرام پوسٹ کو پسندکیا اور دونوں نے ایک دوسرے کو سوشل میڈیا پر فالوکرنا شروع کردیا۔ تاہم مہیرہ کی والدہ ثانیہ شرما پہلے ہی ان افواہوں کو مسترد کرچکی ہیں۔ ٹائمز ناؤکو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا، آپ کیا کہہ رہے ہیں؟ لوگ کچھ بھی کہہ دیتے ہیں۔ اب جب کہ میری بیٹی ایک سیلیبریٹی بن گئی ہے، لوگ اس کا نام کسی کے ساتھ بھی جوڑ دیں گے، تو کیا ہمیں ان پر یقین کر لینا چاہیے؟مداح تو کچھ بھی پوسٹ کرتے ہیں اور میڈیا والے اسے مزید دلچسپ انداز میں پیش کرتے ہیں۔