سربراہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی میعاد آج ختم

   

مرکز کے دیگر چار اداروں کے عہدے بھی مخلوعہ، کے کویتا کو آج انفورسمنٹ سے رجوع ہونے کی ہدایت

حیدرآباد۔14۔ستمبر(سیاست نیوز) سپریم کورٹ کی جانب سے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو حکومت کی خواہش پر فراہم کی گئی توسیع 15 ستمبر کو ختم ہونے کے بعد تین مرکزی سیکیوریٹی اداروں کے سربراہان کا عہدہ مخلوعہ ہوجائے گا۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ سربراہ سنجے مشرا کی معیاد کے ختم ہونے کے ساتھ ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ کا عہدہ مخلوعہ ہوجائے گا اور اس کے علاوہ مرکزی اسپیشل پروٹیکشن گروپ کے سربراہ اور سنٹرل انڈسٹریل سیکیوریٹی فورس کے سربراہ کے عہدے بھی مخلوعہ ہیں۔ ملک کے سرکردہ قائدین کی سیکیوریٹی کے ذمہ دار ادارہ اسپیشل پروٹیکشن گروپ کے سربراہ کا عہدہ بھی جاریہ ماہ کے اوائل میں ارون کمار سنہا کے فوت ہونے کے بعد سے مخلوعہ ہے جبکہ سنٹرل انڈسٹریل سیکیوریٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کے ڈائریکٹر جنرل سابق ڈی جی شیل وردھن سنگھ کے وظیفہ پر سبکدوش ہونے کے بعد سے مخلوعہ ہے۔ان عہدوں پر اسی شعبہ کے عہدیداروں کو اضافی ذمہ داری تفویض کرتے ہوئے کام چلایا جا رہا ہے جبکہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ میں اس طرح کسی کو ذمہ داری دیئے جانے کے امکانات کم ہیں۔ 27 جولائی کو سپریم کورٹ میں حکومت کی جانب سے سنجے مشرا کی معیاد میں توسیع کے لئے حکومت کی جانب سے کی گئی درخواست پر فیصلہ کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے 15 ستمبر تک معیاد میں توسیع کی اجازت دی تھی اور اب ان کی معیاد مکمل ہونے جا رہی ہے مشرا کی معیاد کی تکمیل سے قبل رکن قانون ساز کونسل و دختر چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ ‘ مسز کے کویتا کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں 15 ستمبر کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ دفتر دہلی سے رجوع ہونے کی ہدایت دی گئی ہے ۔