سربراہ بی آر ایس و سابق چیف منسٹر کے سی آر کو پولیس آج جیل روانہ کرے گی، رامچندر راؤ

   

کے سی آر کو نوٹس عوام کو گمراہ کرنے کے مترادف، مستقبل میں کانگریس۔ بی آر ایس اتحاد : بی جے پی صدر کا بیان
حیدرآباد۔31جنوری(سیاست نیوز) سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ یکم فروری کو جیل جائیں گے۔ مسٹر رامچندر راؤ ریاستی صدر بھارتیہ جنتاپارٹی نے سنسنی خیز دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ یکم فروری کو تفتیش کے بعد ایس آئی ٹی سابق چیف منسٹر کو حراست میں لیتے ہوئے جیل روانہ کردے گی۔ ریاستی صدر بی جے پی مسٹر رامچندر راؤ نے پارٹی آفس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بی آر ایس ڈوبتا ہوا جہاز ہے اور ایس آئی ٹی کی نوٹس کو انہوں نے ریاست کے عوام کو گمراہ کرنے کی چال قرار دیتے ہوئے کہا کہ کے سی آر کے جیل جانے کے بعد تلنگانہ میں برسراقتدار کانگریس اور بی آر ایس کے درمیان اتحاد کی راہ ہموار ہوجائے گی۔ریاستی صدر بی جے پی نے دعویٰ کیا کہ ریاست بھر میں بھارتیہ جنتا پارٹی تمام 116 بلدیات اور 7کارپوریشن کے وارڈس میں تنہاء مقابلہ کرے گی اور پارٹی کا کسی بھی سیاسی جماعت کے ساتھ اتحاد نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر سربراہ بی آر ایس آزاد ی پسند اور قانون کی پاسداری کرنے والے شہری ہیں تو انہیں ایس آئی ٹی تحقیقات میں تعاون کرتے ہوئے اپنے بے قصور ہونے کو ثابت کرنا چاہئے ۔ مسٹر رامچندر راؤ نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ فون ٹیپنگ معاملہ میں کے سی آر جیل جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتیہ جنتاپارٹی بنیادی سطح پر مستحکم ہورہی ہے اور عوام بی جے پی پر اعتماد کرتے ہوئے اسے کانگریس کے متبادل کے طور پر دیکھنے لگے ہیں جبکہ بی آر ایس تلنگانہ عوام میں اپنا وقار کھوچکی ہے۔ انہو ںنے کانگریس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریاست میں اقتدار کے حصول کے لئے کانگریس نے عوام سے گمراہ کن وعدے کرتے ہوئے انہیں دھوکہ دیا ہے اور اب عوام یہ جان چکے ہیں کہ کانگریس ناقابل اعتبار سیاسی جماعت ہے اسی لئے اب وہ دوبارہ کانگریس کی دھوکہ دہی کاشکار نہیں ہوں گے۔ریاستی صدر بی جے پی نے کہا کہ اقتدار حاصل کرنے کے بعداراضیات کو مفت باقاعدہ بنانے کے سلسلہ میں کانگریس نے جو وعدہ کیا تھا اس پر عمل آوری نہ کئے جانے سے عوام میں شدید ناراضگی پائی جا رہی ہے۔3
علاوہ ازیں جو جھوٹی ضمانتیں دی گئی تھیں ان پر بھی عوام برہمی کا اظہار کررہے ہیں۔انہو ںنے بتایا کہ تلنگانہ میں بی آ ر ایس اور کانگریس دونوں ہی سیاستی جماعتیں عوامی اعتماد سے محروم ہوچکی ہیں اور ان سیاسی جماعتوں کو عوام آزما چکے ہیں ۔ انہو ںنے بتایا کہ بلدی انتخابات میں بھارتیہ جنتاپارٹی کا غیر متوقع اور چونکا دینے والا مظاہرہ ہوگا کیونکہ بھارتیہ جنتاپارٹی تلنگانہ میں دونوں ہی سیاسی جماعتوں کے متبادل کے طور پر ابھرے گی ۔مسٹر رامچندر راؤ نے سربراہ بی آر ایس کو ایس آئی ٹی کی نوٹس کانگریس اور بی آر ایس کی مشترکہ سازش قرار دیا۔3