نئی دہلی: الیکٹرانکس کی بڑی کمپنی کمپنی فاکسکان کے سربراہ ینگ لیو نے جمعہ کو لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی سے ملاقات کی جس کے دوران ہندوستان اور دنیا میں تکنیکی جدت طرازی کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس ملاقات کے بعد راہول گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘X’ پر پوسٹ کیاکہ آج صبح Foxconn کے سربراہ ینگ لیو سے مل کر خوشی ہوئی۔ ہم نے بھارت اور دنیا میں تکنیکی جدت کے مستقبل پر دلچسپ بات چیت کی۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان کی ٹیکنالوجی کی صنعت ایک اہم چھلانگ لگانے کے لیے تیار ہو سکتی ہے۔ اس سے قبل لیو نے تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی سے ملاقات کی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ نے ان پر زور دیا ہے کہ وہ ریاست میں سرمایہ کاری کریں اور ساتھ ہی حیدرآباد میں اپنا مقامی ہیڈکوارٹر بھی قائم کریں۔ لیو، جو ہندوستان کا دورہ کر رہے ہیں، ان کو اس سال 75 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر تیسرا سب سے بڑا شہری اعزاز پدم بھوشن سے نوازا گیا۔ Foxconn بھارت میں Apple iPhone کا کنٹریکٹ مینوفیکچرر ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ملک میں 40،000 سے زیادہ لوگ ملازمت کرتے ہیں۔ ہندوستان میں کمپنی کی کل سرمایہ کاری کا تخمینہ $9-10 بلین کے درمیان ہے۔