بلغراد۔5اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) سربیا کے فٹ بالر الیگزنڈر پرجووچ کو کووڈ 19 کے پھیلنے سے روکنے کے لئے نافذ کرفیو کی خلاف ورزی کے الزام میں تین ماہ کی نظربندی کی سزا سنائی گئی ہے ۔ سعودی عرب کے کلب الاتحاد کی طرف سے کھیلنے والے 29 سالہ اسٹرائیکرپرجووچ نے ہفتے کے روز بلغراد میں ویڈیو لنک ٹرائل میں اپنے قصور کو قبول کرلیا۔ پرجووچ کو صبح 5 بجے سے شام 5 بجے تک لاک ڈاؤن پر عائد کرفیو کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا ۔ اس کے علاوہ 19 دیگر افراد کو جنہیں ہوٹل کے احاطے میں جمع کیا گیا تھا ، ان ہی الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے ۔نیشنل پولیس ڈائریکٹر ولادیمیر ریبچ نے سربیا کے سرکاری چینل آرٹي ایس کو بتایا کہ پروجووچ کو کئی دوسرے لوگوں کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا اور انہیں پراسیکیوٹر دفتر میں طلب کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ایک ہوٹل کی ریستوران لابی میں شام پانچ بجے کے بعد پروجووچ اور پانچ دیگر لوگ ڈرنک کر رہے تھے جو کرفیو کے دوران مقرر کئے گئے قوانین کی خلاف ورزی تھا۔پولیس افسر نے بتایا کہ اس واقعہ کے لیے ہوٹل بھی ذمہ دار ہے کیونکہ ہوم ڈیلیوری کے علاوہ اس وقت ریستوران میں کھانے اور مشروبات سرو کرنا ممنوع ہے ۔ریال میڈرڈ کے اسٹرائیکر لوکا جوکووچ کے کوارنٹائین کے دوران قوانین کی خلاف ورزی کئے جانے کے بعد کورونا وائرس قوانین کو توڑنے والے وہ دوسرے سربیا ئی کھلاڑی بن گئے ہیں۔کورونا وائرس وبا کے پیش نظر سربیا حکومت نے ہفتے کے دنوں میں صبح پانچ سے شام پانچ بجے کا سخت کرفیو لگایا ہے ۔ سربیا میں اب تک 1،476 کورونا وائرس کے متاثرہ کیس آئے ہیں اور اس بیماری سے 39 لوگوں کی موت ہو گئی ہے ۔