برلن۔ جرمن چانسلر اولاف شولز نے مغربی بلقان ریاستوں کو یورپی یونین کا حصہ بنانے کے حق میں تعاون کا اظہار کیا ہے۔ شولز نے جنوبی مشرقی یورپی ممالک کے دورے کے دوران سربیا پر بھی زور دیا ہے کہ وہ روس کے خلاف مغربی پابندیوں میں شامل ہوجائے۔ بلغراد میں سربیئن صدر الیکزانڈر ووچْک سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ یوکرین پر روسی فوجی حملوں کے بعد ضروری ہے کہ سب مل کر یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور کیف کی مدد کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو ملک یورپی یونین کی رکنیت کے امیدوار ہیں ان سے توقع ہے کہ وہ روس کے خلاف مغربی پابندیوں کی حمایت کریں۔ سربیا باضابطہ طور پر ای یو میں رکنیت کا امیدوار ہے۔