سرحدوںکی حفاظت میں ناکام بی جے پی بنگال میں اقتدار کا خواب دیکھ رہی ہے

   

کورونا بحران اور امفان طوفان کی تباہی کے وقت عوام کو امیت شاہ کی انتخابی تقریرنا پسند :ابھیشیک بنرجی

کولکاتہ ۔ 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس کو اقتدار سے بے دخل کرنے اور بی جے پی کو اقتدار میں لانے کا خواب دیکھنے والے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو ان کی ذمہ داریاں یاد دلاتے ہوئے ترنمول کانگریس نے کہا کہ پہلے چین سے تو نمٹنے کی کوشش کرو جو ہماری سرحدوں میںدر آیا ہے۔ امیت شاہ پرسخت تنقید کرتے ہوئے ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی نے کہا کہ امیت شاہ ترنمول کانگریس کو اقتدار سے بے دخل کرنے سے قبل ملک کی سرحدوں میں داخل ہوچکے چینی افواج کو باہر نکالنے کی فکر کریں۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے بھتیجے اور یوتھ ونگ کے سربراہ بنرجی نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح امیت شاہ کی تقریر میں کوئی دم نہیں تھا کہ وہ ترنمول کانگریس کو اقتدار سے بے دخل کرنے کی بات کررہے تھے مگر آج پورا ملک یہ جاننا چاہتا ہے کہ چینی افواج ہماری سرحدوں سے کب نکلیں گے؟اس سے قبل ابھیشیک بنرجی نے امیت شاہ کی تنقید کرتے ہوئے کاکہا تھا کہ کورونا بحران اور امفان طوفان کی تباہی کے دور میں ریاست کے عوام امیت شاہ کی تقریر کو سننا پسند نہیں کرتے ہیں مگر امید کرتے ہیں کہ آج امیت شاہ ہمارے اس سوال کا جواب دیں گے کہ ’’کیا چینی افواج نے ہماری زمین پر قبضہ کررکھا ہے یا نہیں؟‘‘ ابھیشیک نے اس پر زور دیا کہ مرکزی حکومت سرحدوں کی حفاظت کرنے کے بجائے بحرانی دور میں سیاست کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ ملک کی سرحدوں کی حفاظت میں ناکام ہیں، وہ مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس کو بے دخل کرکے خود اقتدار پر قابض ہونے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ اس سے قبل امیت شاہ نے ممتا بنرجی ا ور ان کی حکومت پر الزامات عائد کرتے ہوئے جہاں بہت سارے وعدے کئے، وہیں عوام کے جذبات سے بھی کھیلنے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ ممتا بنرجی نے دوسری ریاستوں میں پھنسے بنگال کے مزدوروں کی بے عزتی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال واحد ریاست ہے جہاں سیاسی تشدد کے واقعات میں کمی آنے کے بجائے اضافہ ہورہا ہے اور یہاں جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ ا مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ ممتا حکومت نے ’آیوشمان بھارت یوجنا‘ سے بنگال کے عوام کو محروم کردیا جبکہ اس سے ملک بھر کے لاکھوں شہریوں نے فائدہ اٹھایا ہے۔ ممتا بنرجی نے اپنی انا کی وجہ سے ریاست کے لاکھوں شہریوں کو نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج میں ریاست کے کروڑوں شہریوں کی طرف سے حکومت بنگال سے سوال کررہا ہوں کہ آخر اس اسکیم کو نافذ کرنے سے انکار کیوں کیا گیا؟امیت شاہ نے کہا کہ بی جے پی بنگال میں اپوزیشن کی سیاست کیلئے کام نہیں کررہی ہے بلکہ 2021ء کے اسمبلی انتخاب میں کامیابی حاصل کرے گی۔ خیال رہے کہ یہاں ورچول ریلی سے خطاب کرنے سے قبل امیت شاہ نے دو دن قبل بہار میں اپنی پہلی ورچول ریلی کی تھی۔ اس کے بعد پیر کو ادیشہ میں ریلی سے خطاب کیا۔اس موقع پر بنگال کے سینئر لیڈران دلیپ گھوش، مکل رائے اور راہل سنہا بھی موجود تھے۔ امیت شاہ نے فرقہ وارانہ کارڈ کھیلنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ مودی کی قیادت کی تعریف بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تین طلاق بل کے ذریعہ مسلم خواتین کے ساتھ انصاف کیا ہے۔کشمیر کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے370 ایکٹ کو ہٹایا اور شہری ترمیمی ایکٹ کے ذریعہ لاکھوں ہندو رفیوجیوں کو ہندوستانی شہریت کی راہ ہموار کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی کی قیادت کی وجہ سے ملک مضبوط ہاتھوں میں ہے۔