سرحدی تنازعات پیدا کرنا پاکستان اور چین کا مشن؟

,

   

دونوں ملکوں کیساتھ ہندوستان کی 7,000 کیلومیٹر طویل مشترک سرحد ۔ ہند کسی بھی بحران سے نمٹنے تیار

نئی دہلی؍ایٹانگر: وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ پاکستان کے بعد اب چین بھی سرحد پر ایک مشن کے تحت تنازعہ پیدا کررہا ہے ، لیکن ملک اس بحران کا سامنا پورے استقامت کے ساتھ کررہا ہے ۔راجناتھ سنگھ نے پیر کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بارڈر روڈ آرگنائزیشن (بی آر او) کے ذریعہ سات ریاستوں اور مرکزکے زیر کنٹرول علاقوں میں تعمیر کیے گئے 44 پلوں کا افتتاح کیا اور اروناچل پردیش میں نیچیفو سرنگ کے کام کا سنگ بنیاد رکھا۔اس موقع پرانہوں نے کہا کہ کووڈ 19 کی وجہ سے ہرشعبہ میں ملک کو پیدا ہونے والے بہت سے مسائل کا سامنا ہے ۔ زراعت ہو یا معیشت ، صنعت ہو یا سیکیورٹی کا نظام، سبھی اس سے بری طرح متاثرہوئے ہیں۔ اس نازک وقت میں پاکستان کے بعد چین کی جانب سے سرحد پر ایک مشن کے تحت تنازعہ پیدا کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری شمالی اور مشرقی سرحد پر پیدا ہونے والے حالات سے آپ بخوبی واقف ہیں۔ پہلے پاکستان اور اب چین کے ذریعہ گویا ایک مشن کے تحت سرحد پر تنازعہ پیدا کیا جا رہا ہے ، ان ممالک کے ساتھ ہماری تقریبا 7 ہزار کلومیٹر کی سرحد ہے ، جہاں آنے دن تناؤ رہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پریشانیوں اور مشکلات کے باوجود وزیر اعظم نریندر مودی کی موثر اور بصیرت افروز قیادت میں یہ ملک نہ صرف ان بحرانوں کا استقامت کے ساتھ سامنا کر رہا ہے ، بلکہ تمام شعبوں میں بڑی اور تاریخی تبدیلیاں لا رہا ہے ۔مودی حکومت امن کے ساتھ دوستانہ ماحول میں بات چیت کے ذریعہ مسائل کا حل چاہتی ہے۔