سرحدی علاقوں میں مواصلاتی رابطوں کی بہتری کیلئے خصوصی اقدامات : وزیر مواصلات

   

نئی دہلی، 18 مارچ (یو این آئی) وزیر مواصلات جیوترادتیہ سندھیا نے بدھ کے روز لوک سبھا میں کہا کہ حکومت سرحدی علاقوں میں مواصلاتی رابطے بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور 17,222 سرحدی گاؤں میں مواصلاتی رابطہ فراہم کیا گیا ہے ۔ جیوترادتیہ سندھیا نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ راجستھان کے 1,285 سرحدی گاؤں میں مواصلاتی رابطہ فراہم کیا گیا ہے ۔ باقی گاؤں کو بھی جلد یہ رابطہ فراہم کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ہر گاؤں کو مواصلاتی رابطہ فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سنچار نگم لمیٹڈ (بی ایس این ایل) کے 100,000 ٹاور لگائے گئے ہیں اور 22,000 مزید ٹاور جلد ہی لگائے جائیں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں، انہوں نے کہا کہ بی ایس این ایل کا نیٹ ورک ملک بھر میں دوبارہ زندہ ہوا ہے اور گزشتہ دو سہ ماہیوں میں 280 کروڑ روپے کا خالص منافع کمایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال بی ایس این ایل کی نجکاری کا کوئی منصوبہ نہیں ہے ۔