سرحدی کشیدگی ،ہند۔ چین کمانڈر سطح کے مذاکرات

   

مغربی خطہ میں امن کی برقراری اور قابل قبول حل کیلئے کام کرنے پر اتفاق
نئی دہلی: اروناچل پردیش کے توانگ سیکٹر میں 9 دسمبر کو ہندوستان اور چین کی فوج کے درمیان پرتشدد جھڑپ میں دونوں طرف کے کچھ فوجی زخمی ہو گئے تھے۔ اس کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان حالات کشیدہ ہیں۔ وہیں اب، لداخ میں بھی امن برقرار رکھنے کے لیے ہندوستان اور چین کے درمیان کمانڈر سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں فوج کے اعلیٰ افسران موجود رہے۔وزارت خارجہ نے جمعرات کو کہا کہ ہندوستان اورچین کے کور کمانڈر سطح کی میٹنگ کا 17 واں دور 20 دسمبر کو چشول مولڈو (لداخ) میں منعقد ہوا۔ دونوں فریقین نے مغربی خطے میں امن برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ 17 جولائی کو ہونے والی سابقہ میٹنگ میں کیے گئے فیصلوں کا اجلاس میں جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں مغربی سیکٹر میں کیے گئے معاہدے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ دونوں فریقوں نے مغربی سیکٹر میں زمینی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے اور فوجی اور سفارتی ذرائع سے بات چیت کو برقرار رکھنے اور باہمی طور پر قابل قبول حل پر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔