ضلع ایس پی نارائن پیٹ ڈاکٹر ونیت کا اچانک کرشنا بارڈر کا معائنہ
نارائن پیٹ۔ 3 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آج ضلع ایس پی نارائن پیٹ ڈاکٹر ونیت آئی پی ایس نے نارائن پیٹ ضلع کے کرناٹک سرحد کرشنا بارڈر چیک پوسٹ کا اچانک معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سرحدی چیک پوسٹ کا معائنہ کیا اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ یہاں ضلعی پولیس کے ساتھ 24 گھنٹے مستقل چیک پوسٹ قائم کریں اور گاڑیوں کی مسلسل چیکنگ کریں۔ بعد ازاں انہوں نے کرشنا پولس اسٹیشن کا بھی اچانک معائنہ کیا اور پولیس اسٹیشن کے اطراف کا معائنہ کیا اور پولیس اسٹیشن کے احاطے کو صاف ستھرا رکھنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ تھانے کے نقشے کا جائزہ لے کر قومی شاہراہ 167 پر سرحد پر واقع دیہات میں سڑک حادثات کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے افسران کو ڈیوٹی، کیس ریکارڈ، جنرل ڈائری چیک کرنے اور پولیس اہلکاروں کے لیے روزانہ رول کال لینے، اپنے فرائض کی انجام دہی کے بارے میں پوچھ گچھ کرنے اور نظم و ضبط کی پابندی کو یقینی بنانے کے لیے تمام افسران کو ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ منڈل کے اندر جرائم پر قابو پانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایس پی نے کہا کہ غیر قانونی اسمگلنگ، ممنوعہ اشیاء ، چوری اور انسانی سمگلنگ جیسی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے ضلعی سرحد پر مستقل چیک پوسٹ کا قیام ناگزیر ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے کہ چیک پوسٹ پر پولیس فورس اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہوں۔ ایس پی نے پولیس اہلکاروں کو نصیحت کی کہ وہ اپنے فرائض تندہی سے ادا کریں اور عوام کی حفاظت میں ہمیشہ پیش پیش رہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ڈائل 100 کالز کا فوری جواب دیں اور متاثرین کو امداد فراہم کریں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اگر پولیس نظم و ضبط کے ساتھ کام کرے گی تو عوام کا محکمہ پولیس پر مزید اعتماد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر مشکوک گاڑیوں اور لوگوں کو نگرانی میں رکھا جائے اور غیر قانونی تجارت، سمگلنگ اور چوری کی روک تھام کے لیے گاڑیوں کی مسلسل جانچ پڑتال کی جائے۔ ان معائنہ میں مکتھل سی آئی رام لال، ایس آئی ، ایس ایم نوید اور پولس اہلکار موجود تھے۔