سردار اثرؔ کی ادبی خدمات کو خراج عقیدت

   

صدر ’’لفظ‘‘ سعد اللہ خاں سبیل اور دیگر کا اظہار افسوس
ظہیرآباد : طنز و مزاح کے ممتاز و معروف شاعر سردار اثر کے انتقال پر لٹریری فورم ظہیرآباد نے اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ صدر ’لفظ‘ سعد اللہ خان سبیل نے کہاکہ سردار اثرؔ نے مزاحیہ شاعری کو ایک نیا اعتبار بخشا تھا۔ اپنے منفرد لب و لہجہ اور جدید اسلوب کے باعث اُنھوں نے اردو شاعری بالخصوص طنز و مزاح کے میدان میں ایک بہترین شہسوار کا درجہ پالیا تھا۔ ان کے اچانک انتقال سے ایک ایسا خلاء پیدا ہوا جس کا پُر ہونا بہت مشکل ہے۔ نیاز محمد خان جیسی علمی اور سیاسی ہستی کے وہ فرزند ارجمند تھے۔ انگریزی میڈیم سے ہونے کے باوجود اُنھوں نے اُردو شاعری کو اپنے اظہار کا وسیلہ بنایا تھا۔ وہ صرف تفریح طبع کے لئے شعر نہیں کہتے تھے بلکہ اصلاح معاشرہ ان کا نصب العین تھا۔ سعد اللہ خان سبیل نے مزید کہاکہ اپنی قابلیت کے بل بوتے پر سردار اثر نے عالمی شہرت حاصل کی تھی جو بہت کم لوگوں کے حصہ میں آتی ہے۔ وہ ’لفظ‘ کے مشاعروں میں بھی باقاعدہ شرکت کرکے اپنے معیاری طنزیہ و مزاحیہ کلام سے محفل کو نہ صرف زعفران زار بناتے بلکہ کچھ پیغام عمل بھی دیتے۔ ان کی کمی ریاست تلنگانہ ہی نہیں بلکہ پوری اردو دنیا کو محسوس ہوتی رہے گی۔ صدر لٹریری فورم نے دعا کی کہ اللہ مرحوم کو کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔