نظام دور کے محل کو میوزیم میں تبدیل کرنے جی ایچ ایم سی کا منصوبہ
حیدرآباد 21 اگسٹ (سیاست نیوز) چارمینار کے قریب واقع نظام دور کے مشہور پیالیس، سردار محل کو ترقی دیتے ہوئے اس کا تحفظ کرنے اور ایک کلچرل سنٹر میں تبدیل کرنے پر توجہ دی جارہی ہے۔ پرانے شہر حیدرآباد کے وسط میں واقع اس ہیرٹیج عمارت کو ایک نئے انداز سے ترقی دینے کا کام امکان ہے کہ 29 اگسٹ کو منعقد ہونے والے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کونسل اجلاس میں سردار محل کو ترقی دینے کی منظوری دینے کے بعد شروع ہوگا۔ اس محل کو ایک کلچرل سنٹر میں تبدیل کرنے کی تجویز ہے اور اس تجویز کو جی ایچ ایم سی کونسل اجلاس میں رکھا جائے گا۔ عہدیداروں کے مطابق کسی وقت کی اس متاثرکن شاندار عمارت کو میوزیم میں تبدیل کرنے کا منصوبہ ہے جس میں اس علاقہ کی تاریخ کو میاپس، پینٹنگس اور تصاویر کے ذریعہ پیش کیا جائے گا۔ ایک عہدیدار نے کہاکہ اس تجویز سے متعلق اُمور کو آنے والے مہینوں میں قطعیت دی جائے گی اور کہاکہ کنزرویشن پراجکٹ کو عوامی خانگی شراکت طریقہ کے تحت بلٹ آپریٹ اینڈ ٹرانسفر (BOT) نظریہ پر شروع کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ جی ایچ ایم سی کونسل اجلاس کے دوران توقع ہے کہ دیگر 25 تجاویز کو بھی منظور کیا جائے گا جنھیں کارپوریشن کی اسٹانڈنگ کونسل نے منظوری دی ہے۔ ان تجاویز میں 6 کروڑ روپئے سے اشوک نگر کے قریب حسین ساگر سرپلس نالہ پر برج کی تعمیر، 2.85 کروڑ روپئے لاگت سے وینگل راؤ نگر وارڈ میں ایپا گراؤنڈ میں ایک ہمہ مقصدی فنکشن ہال کی تعمیر، 13.20 کروڑ روپئے لاگت سے امیرپیٹ میں ایک ماڈل مارکٹ اور پنجہ گٹہ میں 6.70 کروڑ روپئے لاگت سے ایک اور ماڈل مارکٹ کی تعمیر شامل ہے۔