سردار محل کی بحالی کے کام کا دوبارہ آغاز

   

آئندہ سال مارچ تک تکمیل کا نشانہ، سیاحت کے فروغ کی اُمید
حیدرآباد 3 اگست (سیاست نیوز) پرانے شہر کے تاریخی سردار محل کی بحالی کے کام کو کئی مہینوں کی تاخیر کے بعد دوبارہ شروع کردیا گیا۔ قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے مارچ 2026ء تک کام کی تکمیل کا ہدف رکھا ہے۔ فنڈس کی کمی کی وجہ سے اس کام کو روک دیا گیا تھا۔ متعلقہ محکمہ کی جانب سے کنٹراکٹر کے زیرالتواء بلز کی منظوری کے بعد کام دوبارہ شروع کردیا گیا۔ قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے ایک عہدیدار نے تصدیق کی کہ فنڈس کا مسئلہ حل ہوگیا ہے اور کام دوبارہ شروع کردیا گیا ہے۔ 30 کروڑ کے اس پراجکٹ کو ایک خانگی ایجنسی کے ذریعہ انجام دیا جارہا ہے۔ اس کام کے ذریعہ سردار محل کو ایک آرٹ گیلری، کیفے اور چارمینار آنے والے سیاحوں کے لئے ہیرٹیج رہائش میں تبدیل کرنا ہے جو راجستھان کے فیمرانا فورٹ پیالس کے طرز پر بنایا گیا ہے۔ اس کام کی تکمیل کے بعد پرانے شہر میں سیاحت کے فروغ کی اُمید ہے جو چارمینار، چومحلہ اور چوڑی بازار جیسے پُرکشش مقامات کی تکمیل کرے گا۔ 1900ء میں نظام میر محبوب علی خاں نے اپنی ساتھی سردار بیگم کے لئے یوروپین اسٹائیل میں تعمیر کروایا تھا۔ یہ عمارت بعد میں 1965ء میں غیر ادا شدہ پراپرٹی ٹیکس کی وجہ سے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے کنٹرول میں آگئی اور اسے جی ایچ ایم سی کے ساؤتھ زون آفس کے طور پر استعمال کیا گیا۔ سردار محل کو ہیرٹیج کنزرویشن کمیٹی اور انڈین نیشنل ٹرسٹ فار آرٹ اینڈ کلچرل ہیرٹیج کے ذریعہ ایک ثقافتی ڈھانچے کے طور پر درج کیا گیا ہے۔ (ش)