تہذیبی مرکز میں تبدیل کرکے تصویری نمائش کی منصوبہ بندی
حیدرآباد۔3 اپریل (سیاست نیوز) چارمینار کے قریب موجود مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے ساؤتھ زون کے دفتر سردار محل کی تزئین اور آہک پاشی کے اقدامات کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا ہے اور سردار محل کو شہر حیدرآباد کے تہذیبی مرکز میں تبدیل کرتے ہوئے اس مقام پر شہر حیدرآباد کی تاریخ سے متعلق تصویری نمائش و دیگر دلچسپیوں کے آغاز کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ تلگو دیشم دور حکومت میں اس وقت کے چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے سردار محل میں موجود بلدیہ کے دفتر کو نئی عمارت میں منتقل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سردار محل کو سیاحوں کی دلچسپی کے مرکز میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن اس کے بعد ان منصوبوں میں متعدد مرتبہ تبدیلیاں لاتی جاتی رہی تھیں اورڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے دور حکومت میں سردار محل میں فوڈ کورٹ کے قیام کے منصوبہ کا جائزہ لیا جانے لگا تھا لیکن مختلف گوشوں سے مشاورت کے بعد اس منصوبہ کو بھی ترک کردیا گیا ۔اب محکمہ بلدی نظم ونسق کی جانب سے سردار محل کو شہرحیدرآباد کے تہذیبی مرکز کے طور پر فروغ دینے کی منصوبہ بندی کی جا رہی اور کہا جا رہاہے کہ حیدرآباد کلچرل سنٹر کے قیام سے قبل سردار محل کی عمارت کے تحفظ کے اقدامات کئے جائیں گے اور اس عمارت کی آہک پاشی اور تزئین نو کو یقینی بنا یا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے محکمہ بلدی نظم ونسق کو سردار محل کی عمارت کے استعمال کی منظوری دی جاچکی ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ چند ماہ کے دوران سردار محل کے مرمتی کاموں کا آغاز کردیا جائے گا لیکن اس سے قبل تخمینہ لگانے کے لئے محکمہ آثار قدیمہ کے علاوہ ماہرین آثار قدیمہ سے خواہش کی گئی ہے واضح رہے کہ سردار محل تہذیبی ورـثہ کے زمرہ میں ایوارڈ حاصل کرنے والی تاریخی عمارتوں میں شامل ہے۔م