سردار محل کی تزئین و آہک پاشی زور و شور سے جاری

   

اندرونی حصے کا کام تقریبا مکمل ۔ شہر کی تاریخ پر مشتمل تصویری نمائش کا منصوبہ

حیدرآباد۔21اپریل(سیاست نیوز) چارمینار کے قریب مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے ساؤتھ زون کے دفتر سردار محل کی تزئین اور آہک پاشی کے اقدامات زور و شور سے جاری ہیںاور سردار محل کو شہر کے تہذیبی مرکز میں تبدیل کرکے اس مقام پر حیدرآباد کی تاریخ سے متعلق تصویری نمائش و دیگر دلچسپیوں کے آغاز کے منصوبہپر جلد عمل ہوگا ۔ تلگو دیشم حکومت میں اس وقت کے چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے سردار محل میں بلدیہ دفتر کو نئی عمارت میں منتقل کرنے اور سردار محل کو سیاحوں کی دلچسپی کے مرکز میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن اس کے بعد ان منصوبوں میں متعدد مرتبہ تبدیلیاں آتی رہیں اورڈاکٹر راج شیکھر ریڈی دور حکومت میں سردار محل میں فوڈ کورٹ کے قیام کے منصوبہ کا جائزہ لیا جانے لگا تھا لیکن مختلف گوشوں سے مشاورت کے بعد اس کو بھی ترک کردیا گیا ۔گذشتہ حکومت نے محکمہ بلدی نظم ونسق کی جانب سے سردار محل کو شہر کے تہذیبی مرکز کے طور پر فروغ دینے کی منصوبہ بندی کرکے اسے آرٹ گیلری کے حوالہ کرکے تہذیبی مرکز کے طور پر فروغ دینے کا فیصلہ کیا تھا اور سردار محل کی عمارت کی تزئین نو اور آہک پاشی کا عمل جاری ہے۔ حیدرآباد کلچرل سنٹر کے قیام کے منصوبہ پر کہا جار ہاہے کہ موجودہ حکومت سے ان کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جس کے نتیجہ میں سردار محل کی عمارت کے اندرونی و بیرونی حصہ کی آہک پاشی کا عمل بڑی حد تک مکمل کیا جاچکا ہے۔ سابقہ حکومتمیں محکمہ بلدی نظم ونسق کواس عمارت کے استعمال کیلئے مرمت کی اجازت دے دی گئی تھی اور محکمہ کی جانب سے عمارت کو آرٹ گیلری میں تبدیل کرنے کے اقدامات کا آغاز کردیا گیا تھا جہاں اب یہ کام قریب الختم ہے اور کہا جا رہاہے کہ ان کاموں کی تکمیل کے بعد حکومت کو رپورٹ پیش کی جائے گی اور ریاستی سے اجازت حاصل کرکے آر ٹ گیلری کے قیام کے متعلق قطعی فیصلہ کیا جائیگا۔ سردار محل چارمینار کے قریب خوبصورت تاریخی عمارتوں میں شامل ہے جہاں بی آر ایس حکومت میں آرٹ گیلر ی کے ساتھ کیفیٹیریا کے قیام کا منصوبہ تھا۔3