سردی بخار کی دوائیں خریدنے والوں پر نظر

   

تفصیلات حاصل کرنے آندھرا پردیش میں ایپ کا آغاز
امراوتی 25 اپریل ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش کے محکمہ صحت و طبابت نے ایک موبائیل ایپ کووڈ فارما شروع کیا ہے جس کے ذریعہ ایسے افراد کا ریکارڈ جمع کیا جائیگا جو کھانسی ‘ سردی اور بخار کیلئے ریاست کی میڈیکل اسٹورس سے ادویات خرید رہے ہیں۔ اس ایپ کے استعمال کے ذریعہ متعلقہ میڈیکل اسٹور کیلئے ضروری ہوگا کہ جو لوگ سردی ‘ کھانسی اور بخار کی ادویات خرید رہے ہیں ان کی تفصیلات حاصل کریں۔ ان میں موبائیل نمبر بھی حاصل کیا جائیگا ۔ میڈیکل اسٹورس یہ تفصیلات حاصل کرکے حکومت کو اس سے مطلع کرینگی ۔ کمشنر ہیلت مسٹر کے بھاسکر نے کہا کہ موجودہ غیر معمولی صورتحال میں اس اقدام سے حکومت کو کورونا وائرس کے امکانی علامات والے افراد کا پتہ چلانا آسان ہوجائیگا ۔ حکومت نے میڈیکل اسٹورس کیلئے ضروری کردیا ہے کہ اگر کوئی ڈاکٹر کی پرچی کے ساتھ بھی ایسی ادویات خریدتا ہے تب بھی اس کی اطلاع حکومت کو دی جائے ۔ میڈیکل شاپس اسوسی ایشن نے ایسی ادویات خریدنے والے افراد کی تفصیل جمع کرنے اور حکومت کو مطلع کرنے سے اتفاق کیا ہے ۔ اس کے علاوہ ریاستی حکومت نے 1,174 ڈاکٹرس کی خدمات عارضی بنیادوں پر ایک سال کیلئے حاصل کی ہیں تاکہ موجودہ صورتحال میں ان سے استفادہ کیا جاسکے ۔ مسٹر بھاسکر نے بتایا کہ بیشتر ڈاکٹرس کی خدمات سے کرنول ‘ چتور ‘ گنٹور اور کرنول اضلاع میں استفادہ کیا جائیگا کیونکہ ان ہی اضلاع میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ۔