احکامات کی خلاف ورزی پر جرمانہ، کمشنر جی ایچ ایم سی کا انتباہ
حیدرآباد۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے موسم سرما کے دوران ٹھنڈ سے بچنے کیلئے سڑکوں کے کنارے اور عام مقامات پر آگ تاپنے پر امتناع عائد کردیا اور احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے جرمانہ عائد کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار نے بتایا کہ شہر حیدرآباد کو فضائی آلودگی سے محفوظ بنانے کے حصہ کے طور پر یہ اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی بلدیہ کے جاروب کش عملہ کی جانب سے بھی مختلف مقامات پر کچرے کے انبار لگاتے ہوئے اس کو آگ لگانے کی بھی شکایات موصول ہورہی ہیں اس پر بھی امتناع عائد کرتے ہوئے ایسے جاروب کش عملہ کے خلاف کارروائی کرنے کے اختیارات سرکل کے اسسٹنٹ میڈیکل آفیسر کو دیئے گئے ہیں۔ عام طور پر موسم سرما میں سردی سے بچنے کیلئے لوگ سڑکوں کے کنارے اور عام مقامات پر درختوں کے نیچے کچرا اور گاڑیوں کے ٹائر جلاتے ہوئے سردی سے بچنے کی کوشش کرتے ہیں جس کے دھوئیں سے آلودگی بڑھ رہی ہے۔ مرکزی حکومت کے احکامات پر ریاست میں کلین ایر اتھاریٹی تشکیل دی گئی ہے۔ اس شعبہ میں جی ایچ ایم سی کا بہت ہی اہم رول ہے جس میں آلودگی کنٹرول بورڈ، ٹریفک، انجینئرنگ کے علاوہ دوسرے شعبوں کے عہدیدار بھی شامل ہیں۔ گریٹر حیدرآباد کے 406 پارکس میں جھاڑوں کے پتے ، کچرے وغیرہ کو جلانے کے بجائے اس کو کھاد میں تبدیل کرنے کیلئے کمپوزٹ ہٹس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے ذریعہ پارک کے کچرے کو اسی پارک کے احاطہ میں کھاد میں تبدیل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔