سردی کی لہر ، دہلی نے مسوری اورشملہ کو پیچھے چھوڑدیا

   

نئی دہلی ۔ دہلی سمیت پورا شمالی ہندوستان ان دنوں سردی کی لپیٹ میں ہے۔ صبح اور شام کے اوقات میں چلنے والی ٹھنڈی ہواؤں کے باعث درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ گزشتہ رات دہلی کے پوسا اور راج گھاٹ میں درجہ حرارت 4 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا، جو اتراکھنڈ کے مسوری سے کم تھا۔ 15دسمبر کو مسوری کا درجہ حرارت 8 ڈگری سیلسیس ریکارڈکیا گیا تھا۔ دریں اثناء ہماچل کے شملہ میںکم سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری سیلسیس ریکارڈکیا گیا تھا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پیرکو دہلی کا کم سے کم درجہ حرارت 3 اور زیادہ سے زیادہ 21 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تاہم موسم صاف رہا۔ پیر کی صبح پانچ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی تھی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق17 اور 18 دسمبر کو تمل ناڈو میں شدید بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ 18 اور 19 دسمبرکوکیرالہ میں شدید بارش کا امکان ہے۔وسطی ہندوستان کے کئی حصوں میں کم ازکم درجہ حرارت 4 سے 8 ڈگری سیلسیس اور مشرقی اور مغربی ہندوستان کے کئی حصوں میں 8 سے 14 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہے گا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت میں1 سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس کے ساتھ ہی مغربی اتر پردیش، مغربی مدھیہ پردیش، شمال مشرقی بہار، مغربی بنگال، سوراشٹرا اور کچھ، وسطی مہاراشٹر اور مغربی آسام کے کچھ حصوں کے درجہ حرارت میں1 سے 2 ڈگری سیلسیس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔