گمبھی راؤ پیٹ،سرسلہ۔/5اکٹوبر( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) انتظامی کمیٹی مساجد سرسلہ کی جانب سے سینکڑوں افراد پر مشتمل ایک وفد جن کی قیادت صدر مساجد کمیٹی سرسلہ محمد عبدالسلیم کر رہے تھے آج سرکل انسپکٹر سرسلہ ٹاون سے ملاقات کرتے ہوئے ایک تحریری شکایت درج کروائی گئی، جس میں نرسنگھا نند سرسوتی کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا جس نے پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کی ہے۔ اس موقع پر ذمہ داروں نے کہاکہ یتی نرسنگھانند ایک شرپسند اور نفرت پھیلانے والا شخص ہے جس نے کئی مرتبہ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف زہر اگلا ہے مگر اس بار اس نے ساری حدیں پار کردی ہے جس کو کسی بھی صورت میں نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے۔اس لئے حکومت اس معاملے میں کسی بھی قسم کی نرمی برتنے کے بجائے سخت ترین کارروائی کرے تاکہ یہ واضح پیغام جائے کہ مذہبی توہین اور نفرت انگیز تقاریر کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔