گمبھی راؤ پیٹ ، سرسلہ/8 جنوری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) راجننا سرسلہ ضلع میں غیر قانونی قبضے میں لی گئی تین ایکڑ سرکاری زمین کو تانگلّا پلی منڈل کے سارم پلی گاؤں کے رہائشی سنچولا کمار سوامی نے حکومت کو حوالے کر دیا ہے، اس بات کی اطلاع کلکٹر سندیپ کمار جھا نے دی۔جنھوں نے منگل کے روز کلکٹریٹ کے منی کانفرنس ہال میں سرکاری زمین کی حوالگی کے حوالے سے ضلع ایس پی اکھل مہاجن کے ساتھ ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا تھا۔اس موقع پر ضلع کلکٹر سندیپ کمار جھا نے بتایا کہ تانگلّا پلی منڈل کے سارم پلی گاؤں کے رہائشی سنچولا کمار سوامی نے سروے نمبر 464 میں موجود 3 ایکڑ سرکاری زمین پر قبضہ کر کے کاشت کاری کر رہا تھا اور اب اس نے یہ زمین حکومت کو واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔کلکٹر نے کہا کہ اگر ضلع میں کوئی بھی سرکاری زمین پر غیر قانونی قبضہ کر رہا ہے تو وہ زمین کو حکومت کے حوالے کر دے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ زمینیں غریب عوام کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کی جائیں گی، جیسے غریبوں میں مکان کے پلاٹ تقسیم کرنا اور اندراما مکانات تعمیر کرنا۔کلکٹر نے یہ بھی کہا کہ 2018 سے 2023 تک سرکاری زمین پر قبضہ کرتے ہوئے اگر کسی نے رائتو بندھو یا پی ایم کسان جیسی سرکاری اسکیموں کا فائدہ اٹھایا ہے، تو ان سے اس رقم کی وصولی کے لیے ڈیمانڈ نوٹس جاری کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ اب تک ضلع میں تقریباً 250 ایکڑ سرکاری زمین واپس لی جا چکی ہے اور سرکاری زمینوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔