سرسلہ میں موسلادھار بارش ‘اپرمانیئرپراجکٹ میں خطرناک صورتحال

   

پانی کے بہائومیں چرواہا بہہ گیا۔5افرادکو بچانے جنگی خطوط پراقدامات

گمبھی راوپیٹ،سرسلہ، 27۔اگست (آصف علی سعادت کی رپورٹ) سرسلہ ضلع میں گزشتہ رات سے ہونے والی موسلا دھار بارش کے نتیجے میں ندی نالوں کے ساتھ ساتھ آپر مانیر پراجکٹ بھی خطرناک سطح پر بہنے لگا ہے۔ گمبھی راوپیٹ منڈل میں واقع اس پراجکٹ میں پانی کے بہاؤ میں اچانک تیزی آنے سے مقامی افراد میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔اطلاعات کے مطابق، آج صبح ایک چرواہا مویشیوں کو چرا کر واپس آتے ہوئے پراجکٹ کے پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گیا۔ اس واقعہ کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ اسی دوران مزید پانچ افراد بھی پراجکٹ کے دوسرے کنارے پانی کے بڑھتے بہاؤ کی وجہ سے پھنس گئے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ضلع کلکٹر مسٹر سندیپ کمار جھا اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مسٹر مہیش بی گنتے فوراً جائے حادثہ پہنچے اور ریسکیو آپریشن کا جائزہ لیا۔ ایس ڈی آر ایف ٹیم کو بھی فوری طور پر حرکت میں لایا گیا تاکہ پھنسے ہوئے افراد کو بحفاظت باہر نکالا جا سکے۔ تاہم، پراجکٹ کے پانی کی تیز روانی کے باعث ریسکیو آپریشن کامیاب نہ ہو سکا۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ افراد کی فوری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈرون کی مدد سے پھنسے افراد تک غذائی اجناس اور پانی پہنچایا گیا۔ حکام نے اس موقع پر کہا کہ پانچوں افراد کو بچانے کے لیے ہیلی کاپٹر منگوانے کی بھی کوششیں جاری ہیں اور ریاستی حکومت سے اس سلسلے میں رابطہ کیا جا چکا ہے۔دوسری جانب، پانی میں بہہ جانے والے چرواہے کی تلاش ابھی شروع نہیں کی جا سکی ہے کیونکہ پراجکٹ کے پانی میں غیر معمولی تیزی اور خطرناک لہروں کی وجہ سے غوطہ خور ٹیمیں بھی دشواریوں کا شکار ہیں۔ مقامی افراد بڑی تعداد میں مقام حادثہ پر جمع ہو کر انتظامیہ سے متاثرین کو فوری طور پر بچانے کی اپیل کر رہے ہیں۔ بتلایا گیا ہے کہ انتظامیہ نے پھنسے افراد کو بچانے کے لیے یہ ہیلی کاپٹر کی مدد حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،پانی میں بہے گئے شخص ابھی تک کوئی پتہ نہ چل سکا تیز پانی کے بہاؤ کی وجہ تلاش میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس اثنا مزید ایک خبر سامنے ائی ہے کہ بھمن ملاریڈی پیٹ ندی میں بھی ایک شخص پانی پھنسا ہوا ہے جسے بچانے کی کوشش جاری ہے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگلے چند گھنٹوں میں اگر بارش کی شدت برقرار رہی تو صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے، لہٰذا قریبی دیہات کے عوام کو محتاط رہنے اور غیر ضروری طور پر پراجکٹ کے قریب نہ جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔