کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر حکومت کا منفرد کارنامہ، چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ کا خطاب، جدید کلکٹریٹ اور دیگر ترقیاتی کاموں کا افتتاح
سرسلہ (آصف علی سعادت): چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے سرسلہ میں600 بستروں پر مشتمل میڈیکل کالج کے قیام کے اعلان کیا۔ انھوں نے کہاکہ عوامی صحت کی برقراری و اس کی نگہداشت حکومت کا اولین فریضہ ہے۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے آج حلقہ اسمبلی سرسلہ کا دورہ کرتے ہوئے تقریباً 210 کروڑ روپئے سے زاید رقمی منظوری کے ترقیاتی کاموں کا افتتاح انجام دیا۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے سرسلہ بائی پاس سڑک پر ایک ہی چھت تلے تمام دفاتر پر مشتمل پرشکوہ انٹیگریٹیڈ کلکٹر کامپلکس کا افتتاح انجام دینے کے بعد محکمہ جاتی اعلیٰ عہدیداران و عوامی منتخب نمائندوں کے ایک اجلاس کو مخاطب کررہے تھے۔ انھوں نے کہاکہ کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر حکومت کے لئے ایک منفرد کارنامہ ہے۔ جس کی سابق میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ مرکز بھی اس پراجکٹ کے تعمیری منصوبہ و تعمیری کام پر دم بخود رہ گیا۔ کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر کے بعد راجنا سرسلہ کے کاشتکاروں کو زرعی سرگرمیوں کی انجام دہی کے لئے خاطر خواہ پانی دستیاب ہورہا ہے۔ انھوں نے سرسلہ ضلع میں موجود اپر مانیر پراجکٹ، مڈمانیر پراجکٹ اور اننت گری ساگر سے متعلق تفصیلات بیان کیں اور کہاکہ ان پراجکٹوں کی تعمیر و ترقی کے بعد علاقہ کا ہر کسان خوش نظر آئے گا۔ انھوں نے کہاکہ علاقہ کا اپر مانیر پراجکٹ 75 سال قبل تعمیر کیا گیا تھا۔ لفٹ اریگیشن اسکیم کے تحت کالیشورم پراجکٹ سے اپر مانیر پراجکٹ میں پانی لانے کا نصف کام مکمل ہوچکا ہے۔ انھوں نے حلقہ سے نمائندگی کرنے والے ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے تارک راما راؤ کی نمائندگی پر اپر مانیر پراجکٹ کی تعمیر و مرمت اور اس کی ترقی کے لئے 50 کروڑ روپئے کا نہ صرف اعلان کیا بلکہ پراجکٹ سے منسلک چک ڈیم کے تعمیری کاموں کے لئے علیحدہ طور پر رقمی منظوری کا اعلان کیا۔ انھوں نے 7 سالہ دور حکومت میں تلنگانہ میں انجام دیئے گئے فلاحی اسکیمات ترقیاتی کاموں کا ذکر کیا اور کہاکہ دیہاتوں میں عوامی بنیادی سہولیات کے لئے ہر گرام پنچایت کو خصوصی فنڈس جاری کئے گئے اور ہر گرام پنچایت کو سہولیات کی خاطر ایک ایک واٹر ٹینک و کچرے کی نکاسی کے لئے ٹریکٹر کی بھی منظوری عمل میں لائی گئی۔ وزیر اعلیٰ کے چندرشیکھر راؤ نے اپنے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے مڈ مانیر پراجکٹ کے پہاڑی علاقہ اننت گری میں سیاحتی مرکز کے قیام کیلئے رقمی منظوری کا بھی اعلان کیا۔ کے سی آر نے سرسلہ میں جے این ٹی یو انجینئرنگ کالج کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ چیف منسٹر کے دورہ پر ان کے استقبال کے لئے گلابی پرچم سے سرسلہ شہر کو ہر جگہ سجایا گیا تھا۔ طے شدہ پروگرام سے آدھا گھنٹہ تاخیر سے چیف منسٹر سرسلہ پہنچے جہاں وہ تنگڈہ پلی میں منڈہ پلی کے قریب واقع 1320 ڈبل بیڈ روم مکانات کا افتتاح انجام دیا۔ اس طرح ایک چھت کے نیچے تمام دفاتر پر مشتمل کلکٹر آفس کا افتتاح انجام دیا۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کے اس دورہ کے موقع پر ان کے ہمراہ ریاستی وزراء جن میں حلقہ کی نمائندگی کرنے والے ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ، پی اجئے کمار، نرنجن ریڈی، ویملولہ پرشانت ریڈی، نائب صدرنشین ٹاؤن پلاننگ بورڈ چیرمین بوئن پلی ونود کمار، گورنمنٹ وہپ بھانو پرساد، ایم ایل سی ناراداس لکشمن، آر بالا کشن، ایم ایل سی سی شنکر کے علاوہ کے ودیا ساگر اور چیف منسٹر کے پرسنل سکریٹری سمیا سبھروال، چیف سکریٹری سومیش کمار، کلکٹر کرشنا بھاسکر، کونڈوی رویندر راؤ ٹیکسو آب چیرمین و دیگر موجود تھے۔