گمبھی راوپیٹ،سرسلہ30 نومبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سنگیتم سرینواس نے پیر کے روز راجننہ سرسلہ ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر کی حیثیت سے باقاعدہ طور پر عہدہ سنبھال لیا۔ اس موقع پر شہداء کی یادگار پر خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد بس اسٹیشن سے کانگریس دفتر تک شاندار ریلی نکالی گئی جس میں پارٹی کارکنوں اور مقامی قائدین کی بڑی تعداد شریک رہی۔تقریبِ حلف برداری ریاستی وزیر پونم پربھاکر کی زیرِ صدارت منعقد ہوئی جنہوں نے سرینواس کو ضلع کانگریس صدر کے عہدے کا حلف دلایا اور انہیں اعزاز بھی پیش کیا۔تقریب میں گورنمنٹ وہپ آدی سرینواس، سینئر لیڈر وی ایچ ہنمنت راو، سابق ایم ایل اے مرتنجیم، ضلع لائبریری کے چیئرمین ناگولا ستیہ نارائنا گوڈ، سرسلہ مارکیٹ کمیٹی کی چیئرپرسن سواروپا سمیت متعدد کانگریس قائدین شریک ہوئے۔وزیر نے اپنے خطاب میں سنگیتم سرینواس کو ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ انتخاب مبصرین اور پی سی سی چیف مہیش کمار گوڑ کی نگرانی میں مکمل شفافیت کے ساتھ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنان کو چاہیے کہ وہ دیہی سطح پر سرپنچ انتخابات پوری ہمت کے ساتھ لڑیں اور کامیابی حاصل کریں۔
