سرسلہ پانی میں ڈوب گیا، این ڈی آر ایف راحت کاری میں مصروف

   

کے ٹی آر نے ٹیلی کانفرنس سے صورتحال کا جائزہ لیا، عوام کو محفوظ مقامات منتقل کرنے کی ہدایت
حیدرآباد7ستمبر (سیاست نیوز) موسلادھار بارش سے سرسلہ شہر جھیل میں تبدیل ہوگیا ۔ سارے ضلع میں بارش سے عام زندگی مفلوج ہوگئی ۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر جو اسمبلی حلقہ سرسلہ کی نمائندگی کرتے ہیں، نے ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کرکے کلکٹر ایس پی ضلع سرسلہ کے علاوہ دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں سے بارش کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا ۔ گزشتہ تین دن سے بارش کی وجہ سے پانی سرسلہ کے کئی کالونیوں اور محلوں میں داخل ہوگیا ، یہاں تک کہ سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئی ہیں ۔ عوام کئی مشکلات سے دوچار ہیں ۔ کئی مقامات پر عوام محفوظ مقامات کو منتقل ہورہے ہیں جیسے ہی اس کی اطلاع ملی کے ٹی آر نے عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا اور راحت کے اقدامات کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ کرنے اور ساتھ ہی عوام کیلئے راحت کاری کے مراکز قائم کرنے پر زور دیا اور راحت کاری کے اقدامات کرنے حیدرآباد سے این ڈی آر ایف کی ٹیموں کو سرسلہ روانہ کردیا ۔ کے ٹی آر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ڈر و خوف میں نہ رہے ، حکومت راحت کاری کے اقدامات کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ کے ٹی آر نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ تال میل اور ایک دوسرے سے رابطہ پیدا کرکے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے جنگی خطوط پر اقدامات کریں۔ N