سرسلہ کے بنکرس کی قومی سطح پر پہچان بنانے کی کوشش

   

اپیرل پارک میں ایک اور صنعتی یونٹ کا افتتاح، ریاستی وزراء کا خطاب،’’ ورکر ٹو اونر‘‘ پروگرام کا عنقریب آغاز

گمبھی راؤ پیٹ۔/11اپریل ( آصف علی سعادت کی رپورٹ)ریاستی وزیر ہینڈلوم و ٹیکسٹائلز ٹی ناگیشور راؤ نے کہا کہ ریاستی حکومت کسانوں اور بنکرز کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔انہوں نے سرسلہ میونسپل حدود میں واقع اپیرل پارک میں 7.6 ایکڑ کے رقبے پر 62 کروڑ کی لاگت سے 1.73 لاکھ مربع فٹ پر تعمیر شدہ Punctuate World Pvt. Ltd. (Texport) یونٹ کا افتتاح کیا۔ ان کے ہمراہ وزیر صنعت ڈی سریدھر بابو، بی سی ویلفیر، ٹرانسپورٹ وزیر پونم پربھاکر،گورنمنٹ وہپ و رکن اسمبلی ویملواڑہ آدی سرینواس، حلقہ اسمبلی کانگریس انچارج کے کے مہندر ریڈی اور ضلع کلکٹر سندیپ کمار جھا بھی موجود تھے۔ اس موقع پر انہوں نے یونٹ کے سنگ بنیاد کی نقاب کشائی کی اور پیداواری عمل کا جائزہ لیا۔اس موقع پر وزیر تمّلا ناگیشور راؤ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے بنکرز کی روزگار فراہمی کے لیے سرسلہ میں “ورکر ٹو اونر” اور اپیرل پارک جیسے کئی اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں اور بنکرز کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے واحد حکومت کے طور پر 20,600 کروڑ روپے کے کسانوں کے قرضے معاف کیے، اور حال ہی میں کنڈا لکشمن باپوجی جینتی کے موقع پر بنکرز کے 34 کروڑ روپے کے قرضے معاف کیے گئے۔ بنکرز کے 914 کروڑ روپے کی زیر التوا رقم بھی جاری کر دی گئی۔انہوں نے کہا کہ ایک ہی دن میں مختلف اسکیموں کے تحت 290 کروڑ روپے منتقل کیے گئے، اور “چینتہ بھروسہ” اور “چینتہ بیمہ” اسکیمیں نافذ کی جا رہی ہیں۔ ریاستی حکومت تمام شعبہ جات میں درکار کپڑے صرف ہینڈلوم کارکنوں سے ہی خرید رہی ہے، جنہیں 900 کروڑ کے آرڈرز فراہم کیے گئے ہیں۔ “ورکر ٹو اونر” پروگرام بھی جلد بحال کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں مختلف مقامات پر ہینڈلوم صنعتیں قائم کی جا رہی ہیں تاکہ دیگر ریاستوں سے کام کے لیے باہر جانے والے بنکرز واپس آئیں۔اس موقع پر ریاستی وزیر صنعت ڈی سریدھر بابو نے بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سِرسِلہ کے بنکرز کو قومی سطح پر پہچان دلانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔تقریب کو بی سی ویلفیئر اور ٹرانسپورٹ وزیر پونم پربھاکر نے بھی مخاطب کیا اور کہا کہ کہ بنگلورو کی Texport کمپنی کا اپیرل پارک میں 62 کروڑ کی لاگت سے یونٹ قائم کرنا خوش آئند ہے۔ گورنمنٹ وہپ آدی سرینواس نے کہا کہ بنکرز کے ایک لاکھ روپے تک کے قرضے مکمل معاف کیے گئے۔ خواتین تنظیموں کی 65 لاکھ خواتین کو دو مفت ساڑیاں فراہم کرنے کا آرڈر دیا گیا، جس سے بنکرز کو روزگار فراہم ہو رہا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس علاقے میں کاٹن، پالیسٹر اور متعلقہ صنعتیں، اور پروسیسنگ یونٹ قائم کیے جائیں۔ ویمولاواڑ میں 50 کروڑ کی لاگت سے نْول ڈپو قائم کیا گیا، جس سے 99 سوسائٹیوں کو سبسڈی پر یارن فراہم کیا گیا۔اس موقع پر ہینڈلوم و ٹیکسٹائلز پرنسپل سیکریٹری شیلجا رامایار، ضلع کلکٹر سندیپ کمار جھا، کمپنی CEO چندر شیکھر، ایس پی مہیش، سیس چیرمین چِکّالا راماراو، دیگر اعلیٰ افسران، عوامی نمائندے، کمپنی اسٹاف اور مقامی عوام موجود تھے۔