سرفرازکیلئے دروازے بند نہیں ہوئے: مصباح الحق

   

لاہور۔22 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا ہے دورہ آسٹریلیا کیلئے ان کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جو آسٹریلیا کیلے مشکل حالات پیدا کریں جبکہ سرفراز احمد ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی کارکردگی بہتر کرکے ٹیم میں واپسی کرسکتے ہیں۔ مصباح الحق کے بموجب کپتانی سے برطرف اور خارج کرنے کا فیصلہ کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا، ان کے خلاف کوئی سازش نہیں ہو رہی، حفیظ اور شعیب ملک کیلئے ورلڈ کپ تک دروازے کھلے ہیں جبکہ سلمان بٹ اور فواد عالم کی ضرورت پیش آئی تو موقع دیا جائے گا۔ قذافی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا سیریز ہمارے لیے بہت اہم اور بڑا چیلنج ہے۔ انگلینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ پوری دنیا میں مانی جاتی اور جوکھلاڑی یہاں اچھا کھیلتا ہے اس کو دنیا میں مانا جاتا ہے اس لیے کچھ تجربہ کارکھلاڑیوں کو بھی ٹیم میں رکھا گیا ہے، ٹیم کا انتخاب ڈومیسٹک کوچز کی رپورٹ اور کپتان سے مشاورت کے بعد کیا۔ ہم آسٹریلیا کے خلاف کوئی تجربہ نہیں کرنے جا رہے بلکہ ہمیں سیریز جیت کر آنی ہیں۔