بنگلورو، 11 جنوری(پی ٹی آئی) وِجے ہزارے ٹرافی کے کوارٹر فائنل مرحلے میں آج ایک اہم مقابلہ اْس وقت کھیلا جائے گا جب روایتی حریف ممبئی اورکرناٹک آمنے سامنے ہوں گے۔ اس میچ میں شائقینِ کرکٹ کی توجہ ممبئی کے سرفراز خان اورکرناٹک کے ڈیو دت پیڈیکل پر مرکوز رہے گی، جو ٹورنمنٹ میں شاندار فارم کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ کرناٹک کے اوپنر ڈیو دت پیڈیکل اس وقت وِجے ہزارے ٹرافی کے سب سے کامیاب بیٹر ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے سات اننگز میں 640 رنز اسکورکیے ہیں، جن میں چار سنچریاں اور ایک نصف سنچری شامل ہے۔ پیڈیکل کی مستقل اور پراعتماد بیٹنگ نے کرناٹک کو ٹورنمنٹ میں مضبوط مقام دلایا ہے، جبکہ ان کی کارکردگی مستقبل میں قومی سلیکٹرزکی توجہ حاصل کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ دوسری جانب ممبئی کے سرفراز خان نے محدود اوورزکرکٹ میں اپنی جارحانہ بیٹنگ سے سب کو متاثرکیا ہے۔ انہوں نے اپنی ٹی ٹوئنٹی فارم کو لسٹ اے کرکٹ میں بھی کامیابی سے برقرار رکھا ہے۔ گروپ مرحلے کے آخری میچ میں پنجاب کے خلاف سرفراز نے ریکارڈ تیز ترین نصف سنچری اسکورکرکے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا، اگرچہ ممبئی کو اس میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ کرناٹک نے گروپ مرحلے میں مجموعی طور پر عمدہ کارکردگی دکھائی اور صرف ایک میچ میں ناکامی کا سامنا کیا، جس کے باعث ٹیم پراعتماد ہے کہ وہ ممبئی کے خلاف اپنی برتری ثابت کر سکتی ہے۔ ممبئی کی ٹیم میں اگر سوریاکمار یادوکو پلیئنگ الیون میں شامل کیا جاتا ہے تو وہ نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل اپنی فارم بہتر بنانے کے خواہاں ہوں گے۔ اسی دن کھیلے جانے والے دوسرے کوارٹر فائنل میں اتر پردیش اور سوراشٹرا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ اتر پردیش نے لیگ مرحلے میں ناقابلِ شکست رہتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، تاہم انہیں اس میچ میں دھرو جریَل کی کمی محسوس ہو سکتی ہے، جو ہندوستانی ون ڈے ٹیم کے ساتھ شامل ہو چکے ہیں۔ جریَل نے لیگ مرحلے میں سات اننگز میں 558 رنز بنا کر ٹیم کی کامیابی میں نمایاں کردار ادا کیا تھا۔ ادھر سوراشٹرا نے ابتدائی ناکامیوں کے بعد زبردست واپسی کرتے ہوئے مسلسل چار میچ جیت کر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ آیا وہ اپنی اس شاندار رفتارکو برقرار رکھ پاتے ہیں یا نہیں۔ وِجے ہزارے ٹرافی کے یہ کوارٹر فائنلز نہ صرف سنسنی خیز مقابلوں کی نوید دے رہے ہیں بلکہ کئی کھلاڑیوں کے لیے قومی سطح پر اپنی جگہ مضبوط کرنے کا ایک اہم موقع بھی سمجھے جا رہے ہیں۔اس میں سرفراز کا نام سرفہرست ہے ۔
