سرفراز خان کو ممبئی ٹیم کی مکمل حمایت حاصل : سدیش

   

نئی دہلی ، 7 نومبر (پی ٹی آئی) ہندوستانی ٹیم اور انڈیا اے اسکواڈ میں نظراندازکیا جانا یقیناً مایوس کن ہوتا ہے لیکن ممبئی کے بیٹر سرفراز خان کو اب بھی ساتھی کھلاڑیوں کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔ ان کے ساتھی کھلاڑی سدیش لاد نے جمعہ کوکہا کہ ٹیم سرفراز کا حوصلہ بلند رکھنے کے لیے ہر ممکن طریقے سے اس کا ساتھ دے رہی ہے۔ سرفراز جنہیں رواں سال شاندار فرسٹ کلاس کارکردگی کے بعد ہی ٹسٹ اسکواڈ میں جگہ ملی تھی، اس سیزن کے رانجی ٹرافی میں اب تک اپنی بہترین فارم حاصل نہیں کر سکے۔ تین میچوں میں ان کے اسکور42، 32، 1، 15 اور 5 ناٹ آؤٹ رہے جو ان کی سابق کارکردگی کے مقابلے میں بہت کم ہیں۔ اگرچہ وہ آسٹریلیا کے دورے کے لیے ہندوستان کے اسکواڈ کا حصہ تھے، لیکن حال ہی میں وہ نہ قومی ٹیم میں جگہ بنا سکے اور نہ انڈیا اے ٹیم میں، جس کی وجہ سے یہ مرحلہ ان کے لیے کافی آزمائش بن گیا ہے۔ سدیش لاد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آخر میں وہ بھی ایک انسان ہے اور ہر کھلاڑی سے غلطیاں ہوتی ہیں۔ بڑے کھلاڑیوں کو بھی کبھی نہ کبھی خراب دور آتا ہے۔ اگر پچھلے 4–5 سال دیکھیں تو سرفراز نے مسلسل رنز بنائے ہیں۔ ایک کھلاڑی کی حیثیت سے یہ اس کے لیے حوصلہ شکن ہوسکتا ہے، لیکن اس وقت ایک ٹیم اور معاون عملہ ہونے کے ناطے ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اسے کیسے سنبھالیں؟ ہم اس کی صلاحیت کو جانتے ہیں اوراگر وہ اچھا کھیل جائے تو بڑی اننگز کھیلتا ہے۔ ہم ہر ممکن کوشش کریں گے کہ اس کا اعتماد بحال ہو۔ ایلیٹ گروپ ڈی میں حیدرآباد، ممبئی اور جموں وکشمیر کے 10 پوائنٹس ہیں۔ تاہم، سدیش لاد نے کہا کہ 42 مرتبہ کی رانجی ٹرافی چمپیئن ٹیم کو اپنے ہوم گراؤنڈ کا پورا فائدہ اٹھانے کا یقین ہے۔ممبئی کی ٹیم سیزن کے درمیان کے وقفہ سے پہلے ہماچل پردیش اور پڈوچیری کے خلاف میچ کھیلے گی۔ لاد کے مطابق ٹیم بینڈراکرلا کمپلیکس (بی کے سی) کے حالات سے پوری طرح واقف ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار پچ معمول سے زیادہ سست تھی اور ٹرن بھی زیادہ تھا، جو لمبے مانسون کا نتیجہ ہے اور پچ کی یہی سمجھ ان کی مہم میں اہم کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا یہ دونوں میچ ہمارے لیے بہت اہم ہیں۔ ہمیں پہلے مرحلے کو مضبوطی سے ختم کرنا ہے۔ ایک ٹیم کے طور پر ہم نے اچھا کھیل پیش کیا ہے۔ راجستھان کے خلاف پہلی اننگز میں ہم سے کچھ غلطیاں ہوئیں، لیکن ہم نے ان سے سیکھا۔ انہوں نے مزید کہا ہوم گراؤنڈ پرکھیلنے کا فائدہ ہوتا ہے۔