کراچی ۔ 18 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد سے ٹسٹ اور ٹوئنٹی20 کی کپتانی واپس لیتے ہوئے اظہر علی کو ٹسٹ جبکہ بابر اعظم کو ٹی 20 کا کپتان مقررکردیا ہے۔جس کے بعد اب سرفراز احمد پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ آسٹریلیا میں ٹسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے کپتان نہیں ہوں گے۔ پی سی بی کے مطابق اظہر علی آسٹریلیا کے خلاف 2 ٹسٹ میچز میں پاکستانی ٹسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ اسی دورے میں کھیلے جانے والے 3 ٹی ٹوئنٹی میچز میں بابر اعظم ٹیم کے نئے قائد ہوں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 21 نومبر سے 3 دسمبر تک آسٹریلیا کے خلاف 2 ٹسٹ میچز کھیلے گی، پہلا ٹسٹ برسبن جبکہ دوسرا اڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔ اسی دورہ میں پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز بھی ہے جو 3 سے 8 نومبر تک کھیلی جائے گی۔ پی سی بی نے کہا ہے کہ سیزن 20-2019 میں کھیلے جانے والے ٹسٹ میچز میں اظہر علی ہی پاکستانی ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ آئندہ سال 2020 میں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان ہوں گے۔ تاہم پی سی بی کی جانب سے ونڈے کے لیے اسکواڈ میں تبدیلی سے متعلق کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔ بیان کے مطابق گزشتہ کچھ سیزیر میں مجموعی طور پر سرفراز احمد کی ناقص کارکردگی کی بنیاد پر انہیں کپتانی سے ہٹایا گیا۔ واضح رہے کہ سرفراز احمد سے کپتانی واپس لینے کا فیصلہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سری لنکا کے خلاف پاکستان کی بدترین شکست کے بعد سامنے آیا۔ گزشتہ دنوں پاکستان کے دورے پر آئی سری لنکا کی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی کی عالمی نمبر ایک ٹیم پاکستان کو 3-0 سے شکست دی ۔اس شکست کے بعد سے سرفراز احمد کو برطرف کرنے کی خبریں گردش کرنے لگی تھیں، جس کی تصدیق آج خود پی سی بی نے بھی کردی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے سرفراز احمد کو برطرف کرنے کا فیصلہ مشکل قرار دیا۔