مانچسٹر ۔17 جون (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ورلڈ کپ کے اہم میچ میں پاکستان نے انوکھا قدم اٹھا کر نئی تاریخ رقم کردی۔ میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ نہ کرنے کا فیصلہ درست نہیں ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے انکشاف کیا کہ وزیراعظم عمران خان کے مشورے کے باجود کپتان سرفراز احمد نے پہلے بیٹنگ نہ کرکے غلطی کی۔ سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں نعیم الحق نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا تھا کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان میچ ذہنی صلاحیت کا امتحان ہے۔ انہوں نے کہا کہ میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ نہ کرنے کا فیصلہ درست نہیں کیونکہ کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ کے ہدف کے تعاقب میں ریکارڈ بہت برا ہے۔نعیم الحق نے کہا کہ یہی وہ موقع تھا جہاں ذہنی صلاحیت کا امتحان ہوتا ہے۔ خیال رہے ورلڈ کپ کے اہم ترین میچ میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ پی ٹی آئی رہنما کی ٹوئٹ پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے غصے اور تنقید کا بھی اظہار کیا گیا۔ ایک صارف نے نعیم الحق کو جواب دیا کہ کھیل ابھی جاری، فکر نہ کریں۔