سرفراز کو ٹسٹ ٹیم کی قیادت سے برطرف کرنے کا فیصلہ

   

لاہور۔29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کے تینوں فارمیٹس میں الگ الگ کپتان بنانے فیصلہ کرلیا جبکہ سرفرازاحمد کو ٹسٹ ٹیم کی قیادت سے ہٹاکر ونڈے اور ٹی20 تک محدود کردیاجائے گا اورانکی جگہ قیادت کیلئے شان مسعود پسندیدہ امیدوار کے طور پرسامنے آئے ہیں۔ ہیڈکوچ مکی آرتھر اوربیٹنگ کوچ گرانٹ فلاورکرکٹ کمیٹی کو2 اگست کو ہونیوالے اجلاس میں ورلڈ کپ اور3 سالہ کارکردگی کی رپورٹ پیش کریں گے ۔ انضمام الحق اورسرفراز احمدکوبھی اس اہم اجلا س کیلئے طلب کرلیاگیاہے۔ذرائع کے بموجب ٹسٹ کی کپتانی کیلئے اظہر علی اور اسد شفیق کے نام بھی زیر غور ہیں اور تینوں فارمیٹس کی قیادت کا اعلان 2اگست کوکردیاجائے گا اورممکنہ طور پرہیڈ کوچ مکی آرتھر اور بیٹنگ کوچ اینڈی فلاور کے مستقبل کا فیصلہ بھی ہوجائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سرفراز احمد نے 13ٹسٹ میں قیادت کے فرائض انجام دئیے ،چار میچز جیتے اورآٹھ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ آئی سی سی ٹسٹ چیمپئن شپ سے قبل بورڈ سرفراز احمدکو ٹسٹ ٹیم کی کپتانی سے محروم کر دیگا اور 2 اگست کو لاہور میں کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں اس کے بارے میں حتمی مہر لگائی جائیگی تاہم سرفراز احمد کو ونڈے یا ٹوئنٹی20 میں کپتان بر قرار رکھنے کا معاملہ زیرغورہے جبکہ بائیں ہاتھ کے اوپنر شان مسعود کے نام ٹسٹ ٹیم کی کپتانی کا قرعہ فال نکلنے کا قوی امکان ہے۔