کراچی ۔20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے سرفراز احمد کو ونڈے اور ٹی20 ٹیم پر توجہ مرکوز رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے ٹسٹ ٹیم کی قیادت چھوڑنے کا مشورہ دیا۔ شاہد آفریدی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مداح میرا اثاثہ ہیں اور انہوں نے ہمیشہ میری بہت حوصلہ افزائی کی۔ بوم بوم آفریدی نے کینسر مریض سید حسن کو علاج کروانے کی پیشکش بھی کی۔ سابق کپتان نے کہا کہ نئے ڈومیسٹک کرکٹ نظام کو وقت دیں، 6 ٹیموں کا نظام بہتر ہے کیونکہ اس سے باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں گے جبکہ جونیر سطح پر کھلاڑیوں کی تربیت میں بھی ملے گی۔ انہوں نے مستقبل میں ٹیم کے لیے نوجوان کھلاڑیوں کو تیار کرنے کے لیے سابق کرکٹرز شعیب اختر، محمد یوسف اور یونس خان کو انڈر 19 ٹیم کی ذمے داریاں دینے کی بھی تجویز پیش کی۔ آفریدی نے مصباح کو چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ بنانے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ مصباح محنتی ہے اور 24 گھنٹے کام کرتا ہے، ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر بننا بڑا چیلنج ہے لیکن مصباح دونوں عہدوں سے انصاف کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔