لاہور۔ 14 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے لئے سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے نوجوان کھلاڑی بابر اعظم کو ان کا نائب مقررکردیا ہے۔لاہور میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے ٹیم کے نومنتخب ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز احمد کو قیادت کے منصب پر برقرار رکھنے کا اعلان کیا اور بابر اعظم کو ٹیم کا نائب کپتان مقرر کردیا۔احسان مانی نے کہا کہ امید ہے کہ کپتان سرفراز احمد اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور ٹیم کو فتوحات سے ہمکنار کرائیں گے۔احسان مانی نے بابر اعظم کو نائب کپتان بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب دیکھنا ہے کہ نائب کپتان کی حیثیت سے بابر اعظم دباؤ میں کس طرح کھیلتے ہیں۔ سری لنکا کے خلاف سیریز کے بعد سرفراز احمد کی قیادت کا جائزہ لیں گے اور اس کو مدنظر رکھتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں کپتانی کا فیصلہ بعد میں کریں گے۔ سری لنکا کے خلاف سیریز کے حوالے سے سوال پر احسان مانی نے کہا کہ ان کی جانب سیکوئی منفی پیغام نہیں ملا، سری لنکا نے یہ نہیں کہا کہ وہ پاکستان بالکل نہیں آئیں گے، سری لنکن بورڈ صرف اپنی حکومت سے اجازت چاہتا ہے۔ سری لنکائی ٹیم آئیگی اور تمام میچزپاکستان میں ہوں گے کیونکہ سیریز کے لیے متبادل مقام کے انتظام کا اب وقت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ سری لنکا کیخلاف ونڈے سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان 23 ستمبر کو کیا جائے گا۔ سزا یافتہ شرجیل خان کے حوالے سے چیئرمین نے کہا کہ شرجیل کافی عرصے سے کرکٹ سے دور ہیں۔