جوہانسبرگ ۔24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے میچ میں حریف کھلاڑی کے حوالے سے کہے ہوئے الفاظ پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا مقصد کسی کو نشانہ بنانا نہیں تھا۔ سرفراز احمد نے ٹویٹر میں اپنے پیغام میں کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے میچ میں اپنے غصے کے اظہار پر کسی کو دکھ پہنچنے پر معذرت کرنا چاہتا ہوں، جس کو بدقسمتی سے اسٹمپ کے مائیک نے پکڑ لیا۔ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ میرے الفاظ کسی کو نشانہ بنانے کے لئے نہیں تھے اور کسی کو بے چین کرنے کا ارادہ نہیں تھا۔میرا مقصد اپنے الفاظ کو سنانا نہیں تھا اور نہ ہی مخالف ٹیم یا کرکٹ کے شائقین تک پہنچانا تھا۔ معذرت خواہاہی کے بیان میں سرفراز نے کہا کہ میں دنیا بھر میں اپنے ساتھی کرکٹرز کے ساتھ ماضی میں بھی بھائی چارے کا پرچار کرتا تھا اور مستقبل میں بھی کروں گا، میدان کے اندر اور میدان سے باہر ہر جگہ عزت و احترام دوں گا۔خیال رہے کہ سرفراز احمد نے جنوبی افریقہ کے خلاف رواں سیریز کے دوسرے میچ میں متوقع شکست کو دیکھتے ہوئے غصے کے عالم میں جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر ایندائل فلکوایو پر ’’نسل پرستانہ‘‘ جملے کہے تھے جس کو براہ راست سنا گیا تھا۔
سوشل میڈیا میں شائقین کرکٹ نے کپتان پر تنقید کی اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا جبکہ کئی افراد نے سرفراز پر پابندی لگانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ پی سی بی نے ٹیم کے کپتان کے مخالف ٹیم کے کھلاڑی پر نسل پرستانہ جملے کسنے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ نسل پرستانہ جملوں اور اس طرح کے الفاظ برداشت نہیں کیے جائیں گے۔واضح رہے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے دوسرے ونڈے میں حریف سیاہ فام کھلاڑی کے خلاف نسلی فقرے کسے تھے۔