سرفراز کے ساتھ کئی کھلاڑیوں کا ٹیم سے باہر کیا جانا یقینی

   

کراچی ۔5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2019 پاکستان کیلئے اچھا نہیں رہا اب پاکستانی ٹیم میں بڑے پیمانے پر رد و بدل کا خدشہ ظاہرکیا جارہا ہے۔میگا ایونٹ میں خراب کارکردگی کا ملبہ اب پاکستانی ٹیم کے کئی کھلاڑیوں پر گر سکتا ہے ، جس میں کپتان سرفراز احمد بھی شامل ہیں۔ سرفراز احمد کو اس ورلڈ کپ کے بعد کپتانی کی ذمہ داری سے سبکدوش کیا جاسکتا ہے۔ ورلڈ کپ میں پاکستان کی خراب کارکردگی کی وجہ کہیں نہ کہیں سرفراز احمد کی کپتانی بھی ہے۔ سرفراز نے ورلڈ کپ میں اہم مواقع پر غلط فیصلے کئے۔ ان سے پلیئنگ الیون منتخب کرنے میں بھی غلطی ہوئی۔ یہی نہیں بیٹنگ سے بھی سرفراز کچھ خاص کمال نہیں دکھا سکے۔ سات میچوں میں 28 کے اوسط سے صرف 140 رن ہی بنائے ہیں۔ ورلڈ کپ ختم ہونے کے بعد شعیب ملک کا پاکستانی ٹیم سے پتہ صاف ہونا طے مانا جارہا ہے۔ شعیب ملک نے ورلڈ کپ میں صرف تین میچ کھیلے ہیں ، جس میں انہوں نے 2.66 کی اوسط سے صرف 8 رن بنائے ہیں۔ علاوہ ازیں محمد حفیظ کا بھی جانا تقریبا یقینی ہے۔ انہوں نے سات اننگز میں صرف ایک نصف سنچری بنائی۔ حفیظ کے کھاتے میں 32 کی اوسط سے 226 رن ضرور ہیں لیکن انہوں نے کئی اہم مواقع پر غلط شارٹ کھیل کر اپنا وکٹ گنوایا ۔ ورلڈ کپ سے پہلے محمد آصف کی معصوم بیٹی کینسر کی وجہ سے فوت ہوگئی تھی ، اس کے باوجود وہ ورلڈکپ کھیلنے کیلئے انگلینڈ پہنچے لیکن ان کا بیٹ بھی انگلینڈ میں خاموش ہی رہا۔ آصف علی کو صرف دو میچوں میں موقع ملا ، جس میں انہوں نے صرف 19 رن بنائے۔ بتایا جارہا ہے کہ بورڈ انہیں بھی ٹیم سے باہر کرسکتا ہے۔ پاکستان کو اپنی بولنگ کے دم پر چمپئنز ٹرافی 2017 میں فاتح بنانے والے بولر حسن علی کا بھی ٹیم سے پتہ صاف ہوسکتا ہے۔ حسن علی نے ورلڈ کپ میں کھیلے چار میچوں میں صرف دو وکٹ لئے۔ حسن علی پاکستان کے سب سے مہنگے گیند باز ثابت ہوئے۔ ان کا اوسط 7.75 رہا۔