محبوب نگر ۔ 28 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حالت نشہ میں خواتین کے جسم سے طلائی زیورات اڑالینے اور انہیں قتل کر کے فرار ہونے کے الزام میں ملزمین کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ ان جرائم میں اس کا تعاون کرنے والی اس کی بیوی کو بھی گرفتار کرلیا ۔ ضلع ایس پی ریما راجیشوری نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے ان دو ملزمین کو میڈیا کے سامنے پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 16 جولائی 2019 ء کو دیورکدرہ پی ایس میںا یک خاتون کے قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا جس کی شناخت الویلما کی حیثیت سے کی گئی تھی ۔ دورانِ تحقیقات پولیس نے سرینو نامی شخص کو مشتبہ حالت میں پکڑا ، اس سے اور اس کی بیوی سے پوچھ تاچھ کی جس پر اس نے الویلما کے قتل کا اعتراف کرلیا ۔سر نیو سیندھی خانوں پر نظر رکھتا تھا اورخواتین سے بات چیت کر کے سنسان مقام پر لے جاکر زیورات لوٹتا اور خواتین کو مارکر فرار ہوجایا کرتا تھا ۔ ایس پی نے بتایا کہ وہ مزدور پیشہ ہے اور اس کی بیوی بھی نوکرانی کا کام کرتی ہے۔ قبل ازیں بالا نگر ، شاد نگر اور شمس آباد میں بھی ایسے جرائم میں ملوث رہ چکا ہے اوراپنے بھائی کے قتل کے الزام میں اس نے عمر قید کی سزا بھی بھگتی ہے ۔ 2007 ء میں رہائی کے بعد پھر وہ جرائم کرنے لگا ہے ۔ آج پولیس نے گرفتار کر کے اس کو عدالتی تحویل میں دے دیا ۔ ان کے قبضہ سے پولیس نے 80 تولے چاندی ، ایک تولہ سونا برآمد کرلیا ۔ پریس کانفرنس میں ایڈیشنل ایس پی وینکٹیشور راؤ ، ڈی ایس پی بھاسکر و دیگر موجود تھے ۔