سرقہ کرنے والے ملازم کے بشمول چار افراد گرفتار

   

حیدرآباد /17 جنوری ( سیاست نیوز ) سائبرآباد پولیس نے مکان میں سرقہ کرنے والے ملازم بشمول 4 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ سی سی ایس مادھاپور اور کلور پولیس نے ایک کارروائی کے دوران 4 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس مادھاپور زون ڈاکٹر وسنت نے بتایا کہ 28 سالہ پربھاکر ملک 32 سالہ پتن داس 26 سالہ سکیندرا داس اور سچندر داس کو گرفتار کرلیا جو اڈیشہ کے متوطن بتائے گئے ہیں ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے نقد رقم اور سونے و ہیرے کے جواہرات کو ضبط کرلیا ۔ 21 تا 26 ڈسمبر کے دوران شکایت گذار مکان مالک 63 سالہ ملکالہ سجاتا جو ایک ویلا میں رہتی ہیں ۔ ایک ضروری کام سے دہلی گئی تھی ۔ اس دوران مکان میں کام کرنے والے ملازم پربھاکر ملک نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ منصوبہ تیار کیا اور دیگر گرفتار افراد کے ساتھ ملکر سرقہ کی واردات انجام دی۔ عثمان نگر کلور پولیس اسٹیشن حدود میں واقع اس ویلا سے سرقہ کیا گیا ۔ مکان سے 963 گرام طلائی زیورات ہیرے کے جواہرات اور 2,90,000 روپئے نقد رقم سرقہ کرلیا گیا ۔ ڈی سی پی نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ نوکروں کو رکھنے سے قبل ان کی جانچ کرلیں اور ڈیلوری بوائز پر بھی خصوصی نظر رکھیں اکثر سارق ڈیلیوری بوائز کے بھیس میں سرقہ کی وارداتیں اور خطرناک جرائم کو انجام دے رہے ہیں ۔ ع