سرقہ کی وارداتوں میں ملوث 2 رکنی ٹولی گرفتار

   

حیدرآباد ۔ 9 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : سرقہ کی مختلف وارداتوں میں ملوث ایک دو رکنی ٹولی کو پولیس بالا نگر نے گرفتار کرلیا جو کئی وارداتوں کو انجام دے چکی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس بالا نگر زون سائبر آباد سریش کمار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 32 سالہ کونیگنٹا ومشی کرشنا ساکن الوین کالونی ، متوطن باپٹلہ اے پی اور 23 سالہ مٹ بھرت راجیو گاندھی عرف بھرت عرف رائے ساکن الوین کالونی متوطن مغربی گوداوری اے پی کو گرفتار کرلیا ۔ یہ دو رکنی ٹولی سرقہ کی وارداتوں کو انجام دینے میں ماہر تھی ۔ پولیس کے مطابق 2 دسمبر کے دن پولیس کو ایک اطلاع وصول ہوئی کہ ایک خانگی کمپنی سے 5 لاکھ روپئے کا سرقہ کرلیا گیا ۔ کمپنی کے دفتر کے شٹر کو توڑ کر واردات کو انجام دیا گیا ۔ شکایت کے بعد بالا نگر پولیس اس کیس کی تحقیقات کو انجام دے رہی تھی کہ ان دونوں کو شبہ کی بنیاد پر حراست میں لیا گیا اور پوچھ تاچھ میں اس ٹولی نے اپنے جرم کو قبول کرلیا ۔ ڈی سی پی کے مطابق اس ٹولی کی گرفتاری سے 7 مقدمات کی یکسوئی کرلی گئی ۔ پولیس کے مطابق اس ٹولی کے قبضہ سے 2 لاکھ 27 ہزار روپئے نقد رقم چاندی کی اشیاء ، موٹر سائیکل و دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا گیا ۔ ڈی سی پی نے اس موقع پر بالا نگر پولیس اسٹاف کی ستائش کی ۔۔ ع