مسروقہ زیورات اور نقد رقم اور موٹر سائیکلیں ضبط، سی سی ایس بالانگر کی کارروائی
حیدرآباد : گھروں سے سامان کا سرقہ کرنے والے اور مسروقہ سامان کو فروخت کرنے والی چار رکنی بین ریاستی سارقوں کی ٹولی کو سی سی ایس بالانگر پولیس نے گرفتار کرلیا۔ گرفتار افراد میں میاں بیوی بھی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق 30 سالہ میکالہ ومشی دھر ریڈی 24 سالہ میکا پشپا لتا ساکنان ونائک نگر میڑچل، 24 سالہ کے ایس کمار ساکن کے پی ایچ بی اور 27 سالہ کے ایل نرسمہا بھارگو راما راؤ شامل ہیں جو ریاست آندھراپردیش کے سی سی ایل اے ڈپارٹمنٹ میں چپراسی ہے۔ ومشی دھر ریڈی زندگی کے گذر بسر کے لئے حیدرآباد منتقل ہوگیا تھا۔ 7 سال قبل اس نے پشپا سے شادی کی۔ اس نے ایک اور خاتون سے شادی کے نام پر رشتہ جوڑا تھا اور عصمت ریزی کے کیس میں حالیہ دنوں جیل سے رہا ہوا۔ پولیس کے مطابق رات کے اوقات مکانات میں سرقہ کرنے کے 72 مقدمات میں یہ سارق ملوث ہے۔ حیدرآباد میں 20، سائبرآباد میں 1 ، رچہ کنڈہ میں 24 ، بھدراچلم میں 2، بنگلور میں 2 ، آندھراپردیش میں 21 اور توپران اور گجویل میں ایک ایک معاملات میں ملوث ہے۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 53,35,300/- روپئے نقد رقم، 20 تولے طلائی زیورات، 8,50,000/- مالیتی مکان کے دستاویزات، موٹر سیکل، 5 سیل فون ضبط کرلئے۔